لاہور (جیوڈیسک) پندرہ دسمبر کو تحریک انصاف لاہور میں اپنی طاقت دکھائے گی۔ اس موقع پر ہڑتال کی کال بھی دی گئی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے تاجر تنظیموں اور حکام کا مشترکہ اجلاس ٹاؤن ہال میں طلب کیا۔ پندرہ دسمبر کو تاجروں کو تحفظ کی فراہمی کے اقدامات اجلاس کا ایجنڈا تھے لیکن اجلاس شروع ہوتے ہی ہلڑ بازی کی نذر ہو گیا۔ تاجروں نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔
اس موقع پر ضلعی حکام مکمل طور پر بے بس دکھائی دیئے۔ سی سی پی او لاہور امین وینس یہ کہہ کر اجلاس سے اٹھ گئے کہ وہ ڈی سی او آفس میں بیٹھے ہیں جس نے ملنا ہو انفرادی طور پر مل لے۔ ان کے جاتے ہی دیگر شرکاء بھی رخصت ہو گئے۔
دوسری جانب پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار نے تحریک انصاف کی ہڑتال سے لاتعلقی ظاہر کر دی ہے۔ پنجاب بار کونسل کے مطابق ہڑتال پی ٹی آئی کا اندرونی ایجنڈا ہے جبکہ صدر لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا ہے کہ وکلاء کسی سیاسی جماعت کے ایجنڈے پر نہیں چل سکتے۔