لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں میگھا برس گیا ، مرجھائے چہروں پر بہار آ گئی، بارش نے دل کے موسم کو بھی سہانا بنا دیا ، تیز ہوائوں سے مال روڈ پر قدیم درخت اکھڑ کر سڑک پر جا گرا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ابر رحمت کھل کر برسا ۔ تیز بارش سے بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ موسم سہانا ہوا تو دل کا موسم بھی سہانا ہوگیا لاہورمیں پہلے تیز ہوائیں چلیں پھر بادل گرجے ۔ بادلوں کے گرجنے کے بعد کھل کر ابر رحمت برسا جس نے موسم کو حسین بنا دیا۔
تیز ہوا اور بارش کے باعث چیئرنگ کراس سے گورنر ہائوس جانے والی سروس روڈ پر قدیم درخت اکھڑ کر سڑک پر جا گرا جس کے باعث دونوں اطراف کی ٹریفک بند ہوگئی ۔ درخت کو کاٹ کر ٹریفک کی روانی بحال کی گئی ۔ طوفان کے باعث لیسکو کا نظام بھی جواب دے گیا ۔ اچھرہ ، سمن آباد ، باغبانپورہ ، دھرم پورہ ، تاج باغ اور اقبال ٹائون سمیت مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔
بعض علاقوں میں بجلی اب تک بحال نہ ہوسکی ۔ بارش کے سلسلے کا آغاز اسلام آباد سے ہوا جس کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز برسات ہوئی ۔ گجرات ، سیالکوٹ ، گوجرانوالہ اور ملتان کے سمیت کئی علاقوں میں رات گئے ۔ تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ۔ تیز بارش کے بعد گرمی کی شدت میں بھی کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔