لاہور سمیت پنجاب کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات کیلئے پولنگ جاری

Elections

Elections

لاہور (جیوڈیسک) لاہور سمیت پنجاب کی مختلف بار ایسوسی ایشنز کے آج انتخابات ہو رہے ہیں، حامد خان اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

لاہور بار ایسو سی ایشن کے لئے پولنگ کا عمل صبح نو بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ انتخابات میں کل 8 نشستوں کے لیے 22 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔

حامد خان گروپ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار چوہدری اشتیاق اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے حمایت یافتہ ارشد جہانگیر خان میں کانٹے کے مقابلہ کی توقع کی جاری ہے۔

نائب صدر کی 3 نشستوں کے لیے10 ، جنرل سیکرٹری کی 2نشستوں کے لیے5 ، جوائنٹ سیکرٹری کی ایک نشست کے لیے 2 اور فنانس سیکرٹری کی ایک نشست کے لیے 3 امیدوار میدان میں ہیں۔

ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن ملتان کے انتخابات میں بھی پولنگ جاری ہے۔ سالانہ انتخاب دو ہزار پندرہ میں 6 نشستوں پر 20 امیدوار میدان میں ہیں۔ صدارت کے عہدے کے لیے 3 امیدوار سلیم خان لودھی ، وسیم الدین ممتاز ، خالد اشرف خان جبکہ نائب صدر کے لیے 5 امیدوار میدان میں ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن حافظ آباد کے سالانہ انتخابات بھی آج ہو رہے ہیں۔

پولنگ صبح نو بجے سے شروع ہو کر شام چار بجے تک جاری رہے گی۔ عہدہ صدارت کے لئے ناصر حسین شیرازی اور رائے آصف نواز کے مابین مقابلہ ہو رہا ہے، دونوں امیدوار پہلے بھی ڈسٹرکٹ بار کے صدور رہ چکے ہیں۔