لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے نواح میں واہگہ بارڈر پر پنجاب رینجرز کی فائرنگ سے ایک اسمگلر زخمی ہو گیا۔ ملزم کے قبضے سے بھارتی شراب کی بوتلیں، پاکستانی کرنسی اور موبائل فون کی سمیں برآمد کر لی گئیں۔
پنجاب رینجرز ذرائع کے مطابق گزشتہ رات رینجرز کے جوان پاک بھارت سرحد پر معمول کی گشت پر تھے کہ انہوں نے بھارت کی جانب سے ایک شخص کو آتے ہوئے دیکھا۔ ملزم کو رُکنے کا کہا گیا لیکن وہ نہ رُکا، جس پر رینجرز کے جوانوں کو فائرنگ کرنا پڑی، فائرنگ کی زد میں آکر ملزم زخمی ہو گیا۔
اسمگلر کا نام یوسف معلوم ہوا ہے، جس کے قبضے سے بھارتی شراب کی بوتلیں، پاکستانی کرنسی اور موبائل فون کی سمیں برآمد ہوئی ہیں، ملزم کو حراست میں لے کر سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔