لاہور : پاکستان مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا ہے کہ لاہور میں اربوں روپے کا ٹرین منصوبہ شروع کرنے سے پہلے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں، پنجاب میں 80 فصد پانی پینے کے قابل نہیں۔
ناقص پانی کے استعمال سے ہیپاٹائٹس سمیت دیگر امراض میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اس لیے سب سے پہلے عوام کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ناصر رمضان نے کہا کہ لاہور میں چوہدری پرویز الہٰی کے ماس ٹرانزٹ ٹرین منصوبہ اگر ختم نہ کیا جاتا تو لاہور میں اب تک ٹرین منصوبہ مکمل ہوچکا ہوتا جس میں تمام تر بیرونی سرمایہ کاری استعمال ہوتی لیکن حکومت نے آتے ہی اس منصوبہ کو ختم کرکے لاہور کے شہریوں کو تیز ترین سفر سے محروم کر دیا تھا۔
اب پھر دگنی سے زیادہ لاگت سے اس منصوبہ کو شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت علاج معالجہ کیلئے ادویات کی فراہمی یقینی بنائے۔کیونکہ ہسپتالوں میں ادویات نہ ہونے سے غریب اور مستحق مریض مفت علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم ہیںجبکہ چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں تمام ہسپتالوں میں مریضوں کا مفت علاج معالجہ کی سہولیات میسر تھیں۔