لاہور (جیوڈیسک) لاہور ملک میں بجلی کا بحران تھم نہیں رہا، لاہور سمیت پنجاب بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 سے 20 گھنٹے کی بدترین سطح پر برقرار ہے لوگوں کا جینا دوبھر ہو گیا، ملک میں بجلی کی پیداوار 12 ہزار میگاواٹ جبکہ طلب 17800 میگاواٹ ہے۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں 12 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ میں کمی نہیں آ رہی ،سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود یکساں لوڈشیڈنگ کے حکم پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ،لاہور شہر میں صورتحال سب سے زیادہ ابتر ہے ،زیادہ تر گرڈ اسٹیشن گھنٹوں بند رہتے ہیں۔
زیادہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ والے علاقوں میں سمن آباد، اچھرہ، ٹاون شپ ،گرین ٹاون، اقبال ٹاون ،مسلم ٹاون ،ہربنس پورہ، باٹا پور اور اندورن شہر کے علاقے شامل ہیں، ان علاقوں میں دو تین گھنٹے بعد صرف ایک گھنٹہ بجلی آتی ہے، پانی بھی غائب رہتا ہے، پیپکو حکام کا کہنا ہے کہ حکومت تیل اور گیس کی سپلائی بڑھا دے تو لوڈشیڈنگ میں کمی ہو سکتی ہے۔