لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹ سے شکست دے دی

PSL

PSL

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دے دی۔

پی ایس ایل پانچویں ایڈیشن میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز کا مقابلہ پشاور زلمی کے ساتھ ہوا۔ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی جانب سے فتح کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا گیا۔

لاہور قلندرز کی اننگز کا آغاز کپتان سہیل اختر اور فخر زمان نے کیا۔ پانچ اوورز کا کھیل مکمل ہونے پر لاہور قلندرز نے بغیر کسی نقصان کے 39 رنز بنائے۔ ساتویں اوور کی دوسری گیند پر سہیل اختر 21 رن بنا کررن آوٹ ہوگئے اور 50 کے اسکور پر زلمی کی پہلی وکٹ گری۔15 اوور کا کھیل مکمل ہونے تک لاہور قلندر نے 1 وکٹ کے نقصان پر 135 رن مکمل کیے۔

سولہویں اوور کی پانچویں گیند پر کرس لین 59 رن کی شاندار اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے۔ کارلوس برتھویٹ کی گیند پر یاسر شاہ نے کیچ پکڑا۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر 63 رن کی بہترین اننگز کھیلنے والے فخر زمان وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

لاہور قلندرز کی چوتھی وکٹ 158 کے اسکور پر گری۔ اٹھارہویں اوور کی دوسری گیند پرمحمد حفیظ 4 گیندوں پر صرف 4 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اسی اوور میں لاہور قلندرز کی بڑی وکٹ گری جب جارح بلے باز بین ڈنک 5 گیندیں کھیلنے کے بعد صرف 7 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بریتھویٹ کی گیند پر بینٹن نے ان کا کیچ لیا۔ اس مرحلے پر مقابلہ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوگیا۔

اننگز کے آخری دو اوورز میں سمت پٹیل اور ڈیوڈ ویزی نے ہدف کی جانب بڑھنا شروع کیا۔ آخری اوور کی پانچویں گیند پر ڈیوڈ ویزی نے چھکا مار کر فتح لاہور قلندرز کے نام کردی۔ 46 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے فخر زمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

لاہور قلندرز کے فخرزمان اور کرس لین نے نصف سینچری بنائی۔ زلمی کے بالرز میں کارلوس بریتھویٹ سب سے زیادہ کام یاب رہے ، انہوں ںے 28 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان وہاب ریاض نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ اننگز کے آغاز میں پشاور زلمی کا بیٹنگ مشکلات کا شکار ہوگئی اور پہلا کھلاڑی ایک کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گیا۔اگلے ہی اوور کی تیسری گیند پرسمت پٹیل نے لیونگسٹن کی وکٹ حاصل کی۔ چوتھے اوور کی دوسری گیند پر کامران اکمل 8 گیندوں پر 12 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد شعیب ملک اور حیدر علی نے وکٹ پر قدم جمائے اور بڑی شراکت داری سے ٹیم کے اسکور کو سہارا دیا۔

140 کے اسکور پر پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ گری۔ شعیب ملک 43 گیندوں پر 62 رن بنا کر ڈیوڈ ویزی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ 155 کے اسکور پر زلمی کی پانچویں وکٹ گری۔ لیوس گریگوری 4 گیندوں پر 8 رن بنا کر شاہین آفریدی کے ہاتھوں بولڈ ہوئے۔

حیدر علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 42 گیندوں پر 69 رنز بنا کر دلبر حسین کی گیند پر بین ڈنک کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ 169 کے اسکور پر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض کو صرف 1 کے اسکور پر شاہین آفریدی نے بولڈ کردیا۔ کارلوس بریتھویٹ نے 16 اور حسن علی نے 7 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح 20 اوور مکمل ہونے پر پشاور زلمی نے 7 وکٹوں پر 187 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے شعیب ملک اور حیدر علی نے نصف سینچری بنائی۔

لاہور قلندر کے بالرز شاہین آفریدی نے 3 اور سمت پٹیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دلبر حسین اور ڈیوڈ ویزی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔