لاہور. (جیوڈیسک) لاہور اور گردونواح میں پچھلے کئی گھنٹوں سے مسلسل تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث مکانوں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور 8 افراد زخمی ہو گئے۔
لاہور میں گزشتہ شام سے جاری بارش کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جبکہ بیشتر نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ مسلسل بارش کے باعث کئی مقامات پر پانی جمع ہے جس سے لوگوں کو آمد و رفت میں دشواری کا سامنا رہا ہے۔
چاہ میراں کے علاقے میں ایک دو منزلہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں ایک 11 ماہ کی بچی بھی شامل ہے۔ جبکہ ایل ڈی اے پلازہ کے قریب اور مزنگ کے علاقوں میں دو مکانات کی چھتیں گرنے سے 8 افراد زخمی ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ پیر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔