لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث جل تھل ایک ہو گیا، نشیبی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے اور لیسکو کے 180 فیڈرز ٹرپ کرنے سے شہر کے بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
لاہور میں شدید بارش کے باعث ڈیوس روڈ، ایبٹ روڈ، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، جیل روڈ، دھرم پورہ، مغل پورہ، مال روڈ، فیروزپور روڈ،کینال روڈ، شملا پہاڑی اور دیگر علاقے زیر آب آ گئے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور کئی علاقوں میں گاڑیاں خراب ہونے سے ٹریفک بھی جام ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور میں موسلادھار بارش سے لیسکو کے 180 فیڈر متاثر ہونے سے شہر کا بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور میں 35 مختلف مقامات پر امدادی کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں جب کہ لیسکو کا کہنا ہے کہ بارش رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گوجرانوالا، منڈی بہاؤالدین، بورےوالا اور پسرور اور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بادل خوب برسے جس کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں کو بجلی کی سپلائی کرنے والے 36 سے زائد فیڈرز پر بھی فالٹ اور ٹرپنگ کی شکایات موصول ہوئیں۔
آئیسکو ترجمان نے صارفین کو احتیاط برتنے اور بجلی کی تنصیبات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔