لاہور میں بارش، کئی علاقوں میں بجلی غائب

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) دن بھر شدید گرمی کے بعد تیزآندھی اور موسلا دھار بارش سے لاہور کی شام ٹھنڈی اور رومانوی ہو گئی، لیکن کئی علاقوں کی بجلی غائب ہونے سے مزہ کرکرا ہوگیا۔ لاہور میں دن بھر شدید گرمی اور حبس کے بعد شام ڈھلتے ہی تیزآندھی چلی،آسمان پر بادل چھائے اور چھم چھم بارش برسنے لگی، گہرے سیاہ بادلوں سے چھلکتی بوندوں نے فضا میں چاندی تو زمیں پر سفید موتی بکھیر دئیے، برکھا رت سے ٹھنڈک کو ترستے شہریوں کو چین سا آ گیا اور موسم کا لطف اٹھانےگھروں سے نکل آئے۔

بارش اور تیزآندھی خستہ درو دیوار والوں کیلیے مگر پریشانی لائی، صدیقیہ کالونی بادامی باغ میں مکان کی بالائی منزل کی دیوار گرنے سے ایک شخص ذکاء اللہ جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیمیں ملبہ ہٹانے پہنچ گئیں، شہر میں 85 سے زائد فیڈر بھی ٹرپ کر گئے۔

جس سے بجلی کا نظام متاثر ہوا، شہریوں کو نمازتراویح کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، کامونکی اور پتوکی سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔