لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں بارش کے کھڑے پانی سے ڈینگی کی وبا تیز ی سے پھیلنے لگی، مزید تین افراد ڈینگی کا شکار ہو گئے ہیں۔ لاہور میں حالیہ بارشوں کے بعد جابجا کھڑے پانی سے ڈینگی کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔شہر میں مزید تین افراد ڈینگی کا شکار ہو گئے ہیں۔
متاثر ہونے والوں میں شاد باغ کا اٹھارہ سالہ شہروز ،فیروز والا کی پندرہ سالہ انعم اور قلعہ لکشمن سنگھ کی سولہ سالہ ماہم شامل ہیں،جنہیں میو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔رواں سال پنجاب میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد ستائیس ہو گئی ہے۔محکمہ صحت پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی ہے بارش کا پانی گھروں اور گردو نواح میں کھڑا نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔