لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں زیادتی کی شکار ہونیوالی 5 سالہ بچی نے ملزم کی شناخت کر لی، پولیس کو بتایا کہ ملزم اسے آئس کریم فیکٹری کے پاس گھر لے گیا تھا۔ لاہور پولیس کے مطابق زیادتی کی شکار 5 سالہ بچی کو کچھ مشتبہ افراد کی تصاویر دکھائی گئیں جس میں سے اس نے ایک ملزم کو شناخت کر لیا۔
بچی کا کہنا ہے کہ ملزم اسے آئس کریم فیکٹری کے پاس گھر میں لے گیا تھا۔ بچی نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ جس گھر میں اسے لے جایا گیا تھا وہ اسے بھی شناخت کر سکتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی نے جس آدمی کی تصویر کی شناخت کی وہ محلے کا ہی رہائشی ہے اور اسے بھی چند روز قبل کچھ لوگوں کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا تاہم کوئی ثبوت نہ ملنے پر چھوڑ دیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم منشیات کے کاروبار میں ملوث ہے۔ ذرائع کے مطابق بچی کی جانب سے ملزم کی شناخت کے باوجود اسے ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا۔