لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور میں ریسٹو رینٹس کو رات 10 بجے تک آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت دے دی گئی جس کے بعد ریسٹورینٹس کے مالکان اور ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا۔
کورونا ایس او پیز کے باعث ریسٹورینٹس میں ان ڈور کھانے پینے کی پابندی اورآؤٹ ڈور ڈائننگ رات 8 بجے تک جاری رکھنے کے خلاف ریسٹورینٹس مالکان اور ملازمین لبرٹی چوک میں جمع ہوئے اور مین بلیوارڈ بلاک کر دی۔
ریسٹورینٹس ورکرز نے 2 مقامات پر احتجاج کرکے دن بھر سڑکیں بلاک رکھیں، مظاہرین ٹولیوں کی صورت میں سڑکیں بند کرتے رہے جس سے لبرٹی مارکیٹ سے حسین چوک اور کلمہ چوک کی طرف جانے والی ٹریفک جام رہی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کورونا کے باعث کاروبار پہلے بھی پورا سال بند رہا ہے اور اب حکومت نے پھر پابندی لگا دی۔
ریسٹورینٹس مالکان اور ضلعی انتظامیہ میں رات کو مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد آؤٹ ڈور ڈائننگ کے اوقات 2 گھنٹے بڑھا دیے گئے۔