لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے، مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص قتل، ایک زخمی

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں لاکھوں کے ڈاکے مزاحمت پر ایک شخص قتل ،ایک کو زخمی کر دیا۔ معلوم ہوا ہے شاہدرہ کے علاقہ حاجی پورہ کا رہائشی محبوب عارف گھر کے قریب ایک جنرل سٹور پر موجود تھا نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دکان سے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر محبوب عارف کو سر میں گولی مار کر قتل کر دیا۔

مقتول چار بچوں کا باپ تھا۔ مقتول کا جائیداد کا تنازع بھی تھا۔ پولیس نے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقد مہ درج کر لیا ہے۔ ہربنس پو رہ کے علاقہ فتح گڑھ میں موبائل شاپ پر ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر دکان کے ملازم احسان کو گولی مار کر زخمی کردیا اور ایک لاکھ کی نقدی اور موبائل چھین کر فرار ہو گئے۔

تھانہ باغبانپو رہ کے علاقہ میںڈاکو ماجد کی پراپرٹی کی دکان سے 8 لاکھ روپے کی نقدی و قیمتی سامان باغبانپورہ قبرستان روڈ پر عباس کی دکان سے 2 لاکھ 77 ہزار روپے کی نقدی و موبائل، فیکٹری ایریا کے علاقہ میں الماس کی دکان سے 2 لاکھ روپے کی نقدی و موبائل، گوالمنڈی میں عثمان سے 84 ہزار نقدی و موبائل، گارڈن ٹائون میں عاطف سے 78 ہزار روپے نقدی و موبائل، گلبرگ میں سمیرا سے 43ہزار نقدی و موبائل، نواب ٹائون میں کاشف سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے نقدی و موبائل، راوی روڈ پر عمران اور اسکی فیملی سے ڈیڑھ لاکھ کی نقدی و زیورات اور موبائل۔ ہربنس پورہ میں وحید سے 48 ہزار روپے نقدی و موبائل۔

ساندہ میں تقی سے 46 ہزار روپے نقدی و موبائل و قیمتی سامان لوٹ لیاگیا۔ اقبال ٹائون سے ابوبکر، مسلم ٹائون سے کامران، گلشن اقبال سے امداد، سمن آباد سے لاریب، شالیمارسے شفیق، مزنگ سے فقیر اور پرانی انار کلی سے ذیشان کی موٹر سائیکلیں اور نواب ٹائون سے عدنان اور جوہر ٹائون سے احمد ندیم کی گاڑیاں چوری کر لیں گئیں۔ علاوہ ازیں فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق لاہور روڈ کی آبادی کوٹ عبدالمالک اور رانا ٹاؤن کے علاقے میں طبی ڈکیتی کی متعدد وارداتیں، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گولی مار کر نوجوان عدنان کو زخمی کر دیا۔

ونڈالہ نہر کے قریب ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر آصف کو لوٹ کر فرار ہو گئے۔ 50 ہزار روپے کی رقم لے گئے۔ چک 39 کے قریب ڈاکوؤں نے مزاحمت پر منور علی کو زخمی کر دیا۔ پندرہ سو روپے چھین کر لے گئے۔ رانا ٹاؤن میں ڈاکوؤں نے سجاد احمد کے گھر میں داخل ہو کر زیورات، نقدی دیگر سامان لوٹ کر لے گئے۔ کوٹ عبدالمالک کے قریب ڈاکوؤں نے کار سواروں کو روک کر ان سے نقدی، دیگر سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔ موٹروے چوک لاہور روڈ پر ڈاکوؤں نے کار سواروں کو روک کر لوٹ لیا، نقدی، موبائل چھین کر لے گئے۔ پولیس نے مقدمات درج کر لئے ہیں۔