لاہور (جیوڈیسک) محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے مزید بارشوں کی نوید سنائی ہے ، کوئٹہ ، لاہور اور سرگودھا سمیت متعدد علاقوں میں رم جھم ہو سکتی ہے ، فیصل آباد میں تیز بارش موسم خوشگوار ہو گیا تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔
چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور اور سرگودھا ڈویژن میں کہیں بارش اور کہیں رم جھم ہوئی جبکہ دیگر علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہے ۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور ، سرگودھا ، گوجرانوالہ ، کوئٹہ اور ملحقہ علاقوں میں بادل برس سکتے ہیں۔
فیصل آباد میں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور درجہ حرارت میں مزید کمی ہو گئی ہے۔ ملتان میں بوندا باندی کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے ادھر سندھ میں گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ بلوچستان کے اکثر اضلاع میں گرمی کی لپیٹ میں ہیں جبکہ کوئٹہ میں موسم ابر آلود ہے۔