لاہور میں سیکیورٹی سخت، 13 ہزار اہلکار تعینات، واہگہ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں، سی سی پی او

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں دسویں محرم کے لیے سخت سیکورٹی انتظامات، 13 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے سانحہ واہگہ کی تحقیقات جاری ہیں، ملزمان تک پہنچے کے لیے کوشیش جاری ہیں۔

سی سی پی او لاہور امین وینس نے دسویں محرم کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ جلوس میں داخل ہونے والے افراد کی 4 جگہوں پر تلاشی لی جا رہی ہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ واہگہ کے بعد پورے شہر میں سیکورٹی کو سخت کیا گیا ہے جبکہ وقتا فوقتا فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سانحہ واہگہ کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ شواہد فرانزک لیبارٹری بھجوائے گئے ہیں تاکہ تفتیش بڑھائی جا سکے۔ امین وینس نے کہا کہ تاحال یہ پتہ نہیں چل سکا کہ کس تنظیم نے کارروائی کی لیکن جلد ملزمان تک پہنچے کی کوشش کی جائے گی۔