لاہور (جیوڈیسک) حساس اداروں نے ماڈل ٹاؤن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرعلاقے میں سرچ آپریشن کرکے 300 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
پولیس اورحساس ادارے نے ماڈل ٹاؤن میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے میں رات گئے سرچ آپریشن کیا اور 300 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا اس کے علاوہ پولیس نے گارڈن ٹاؤن، لیاقت آباد، نصیر آباد سمیت دیگر علاقوں
میں بھی سرچ آپریشن کیا جس دوران ہوٹلوں کی بھی مکمل تلاشی لی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشن لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر شہر میں سرچ آپریشن کیا جارہا ہے جب کہ ماڈل ٹاؤن میں بھی مبینہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا جس میں زیر حراست افراد میں سے شناخت رکھنے والوں کا ریکارڈ مرتب کرکے انہیں رہا کردیا گیا ہے جب کہ دیگر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔