لاہور کی خبریں 3/1/2015

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

حکومت پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے: شہباز شریف
لاہور (جی پی آئی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صاف پانی پراجیکٹ اورواٹر فلٹریشن پلانٹس کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا حق ہے۔حکومت نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے مربوط منصوبہ بندی کی ہے اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صاف پانی پراجیکٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، مفاد عامہ کے اس منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں، حکومت وسائل عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کر کے یہ حق انہیں لوٹا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر ہائوسنگ تنویر اسلم ملک،چیئرپرسن صاف پانی پراجیکٹ ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ حضور ۖ سے محبت و عقیدت کا تقاضا ہے کہ ملک میں آپ ۖ کی لائی ہوئی شریعت کا نفاذ کیا جائے ۔ملک و قوم جن سنگین حالات سے دوچار ہیں ان سے نکلنے کا واحدراستہ نظام مصطفیۖ کا نفاذہے ۔قوم کو اجتماعی توبہ کرکے اللہ سے بغاوت اور نافرمانی کا رویہ چھوڑنا ہوگا ۔دشمن کے ایجنٹوںنے ملک کو گھیر رکھا ہے ،ہمیں پہلے اپنی صفوں میں سے اغیار کے آلہ کاروں کو نکالنا ہوگا۔ دہشت گردی کے خاتمہ اور قیام امن کیلئے حکومتی اے پی سی کو یک زبان اور یکجان ہوکر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیناچاہئے ۔اسلام دشمنوں کے سامنے کسی کمزوری کا اظہار نہ کیا جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ اس وقت امت کا سب سے بڑا مسئلہ قیادت کا فقدان ہے ،اسلامی ممالک کے اکثر حکمران اسلام دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں ،جو لوگ اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہیں انہیںاپنے عوام اور امت کے اجتماعی مسائل سے کوئی غرض نہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میںآج تک اقتدار پر مسلط رہنے والے حکمران اللہ کو ناراض کرکے مغرب اور امریکہ کو خوش کرنے میں لگے رہے، اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کی وجہ سے آج تک ہمیں امن و سکون میسر نہیں آسکا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے اندر جرأت ہے نہ امانت و دیانت اور نہ ہی ان کے اندریہ صلاحیت ہے کہ وہ مشکلات میں گھرے ہوئے عوام کوجان مال اور عزت کا تحفظ دے سکیں ۔انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنا انتخابی رویہ بھی بدلنا ہوگا ،جب تک کتا کنویں میں ہے پانی پاک نہیں ہوگا۔ جب تک بدیانت اور کرپٹ لوگوں سے نجات حاصل کرکے ہم اللہ سے ڈرنے والے اور عوام کی پریشانی اور مصیبت کو اپنی مصیبت سمجھنے والے لوگوں کو ایوان اقتدار میں نہیں بٹھائیں گے مسائل کے گرداب سے نہیں نکل سکیں گے ۔ حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک و قوم کیلئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں ،پاکستان سے محبت اور وفاہمارے ایمان کا حصہ ہے ،جماعت اسلامی کے قائدین کو آج بھی بنگلا دیش میں پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسیوں پر لٹکایا جارہا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی قیادت کی صلاحیت رکھتا ہے مگر یہاں خوف خدا رکھنے والی قیادت کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچانا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
عید میلادالنبی کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں: شہباز شریف
لاہور (جی پی آئی )وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے عید میلادالنبی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید میلادالنبی کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سینئر پولیس و انتظامی افسران خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں اور فیلڈ میں موجود رہیں جبکہ منتخب نمائندے اپنے اپنے علاقوں میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے اور عیدمیلادالنبی کے جلوسوں کے روٹس مکمل چیکنگ کے بعد کلیئر کئے جائیں اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)سربراہ تحریک صراطِ مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ نور مجسم اور رحمت عالم ۖ کی آمد کا ئینات کی سب سے بڑی عید ہے۔ عید میلادالنبی ۖ ہر سال نئی خوشیاں لے کے آتی ہے۔ اس عید کے منانے سے انسان اپنے آپ کو غم و آ لام سے دور سمجھتاہے شب ولادت کی برکات عقیدت مندوں کو سال بھر محسوس ہوتی رہتی ہے۔ اس عید کے موقع پر ہر سال اُمت مسلمہ میں پہلے سے زیادہ جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عید میلاد النبی ۖ کے جلوسوں اور محافل میلاد کیلئے فول پروف سکیورٹی کا اہتمام کرے۔ 13,12,11ربیع الاول شریف کو لوڈ شیڈنگ مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ حکومت اس سب سے بڑی عید کے موقع پر اتوار کے ساتھ پیر کی بھی چھٹی کرے۔ میڈیا محافل میلاد اور میلاد جلوس کو خصوصی کوریج دے۔ بلدیاتمام شہروں میں صفائی کے اعلیٰ انتظامات کرے ۔ عاشقان رسول ۖ محافل میلاد اور جلوسوں کو خرافات سے پاک رکھیں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کسی فرد یا حکومت کی حمایت نہیں کررہی بلکہ جمہوریت کا ساتھ دے رہی ہے پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ اب جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ سانحہ پشاور ایک بہت بڑا واقعہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف سیاسی قیادت اور قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتیں دہشت گردوں کے خلاف استعمال ہونی چاہئیں۔ان کے قیام کا طریقہ کار واضح ہونا چاہئے۔ ان عدالتوں کا غلط استعمال روکنے کے لئے مربوط پالیسی تشکیل دی جانی چاہئے۔ پیپلزپارٹی کے قانونی ماہرین فوجی عدالتوں کے معاملے پر سر جوڑ کر بیٹھے ہیں’ فوجی عدالتوں میں صرف دہشت گردی کے مقدمات چلنے چاہئیں۔ پی پی پی نے صرف دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوجی عدالتوں کے قیام کی حمایت کی۔ تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچ جانا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)نئے سال کے آغاز کے موقع پرسماجی تنظیم اخوت کے پراجیکٹ”اخوت ڈریم” کے زیر اہتمام پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے(عرفان بلاک) میں زیر علاج دل کے عارضے میں مبتلا بچوں میں تحائف تقسیم کرنے کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔پروگرام کی مہمان خصوصی معروف سماجی کارکن رئیسہ اظہار تھیں جبکہ صدارت اخوت ڈریم کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عصمت لغاری نے کی۔ پروگرام کوآرڈینیٹر روبی دانیال ‘عظمیٰ بھٹی’حریم’عروج’ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب میں دل کے عارضے میں مبتلا بچوں نئے سال کی آمد کے حوالے سے پینٹنگ بھی کی اور مختلف پروگرام بھی پیش کئے جسے حاضرین نے بے حد پسند کیا۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اخوت ڈریم کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عصمت لغاری نے کہا کہ ہم آج نئے سال کے موقع پر اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ 2015 ان بیمار بچوں کیلئے ایک امید اور نوید کی کرن لیکر آیا ہے۔ ان کا ادارہ پی آئی سی سمیت پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں زیر علاج شدید نوعیت کی بیماری میں مبتلا بچوں سے ان کی خواہش پوچھ کر اسے پورا کرتا ہے اور پھر اس خوشی کے لمحات میں ان کے ساتھ وقت گزار کر ان کی خوشی کو دوبالا کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیمار بچوں کے ساتھ خوشی کے لمحات گزارنا بھی کسی ثواب سے کم نہیں۔انہوں نے کہاکہ اس سے بڑی نیکی اور کیا ہو سکتی ہے کہ ان بچوں کی دلجوئی کی جائے اور انہیں امید دلائی جائے کہ وہ نہ صرف تندرست ہو جائیں گے بلکہ معاشرے میں فعال کردار ادا کریں گے۔واضح رہے کہ اخوت ڈریم ان بچوں سے جو شدید نوعیت کے امراض میں مبتلا ہیں سے کوئی ایک خواہش پوچھتے ہیں اور پھر اس خواہش کو فوری طور پر پورا بھی کرتے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی )مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عوام کو ایک ہی چھت تلے مختلف خدمات کی فراہمی کے لئے صوبے بھر میں سہولت سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ خوش آئندہے۔ عوام کو فوری اور بہترین خدمات کی فراہمی ہماراایجنڈا ہےـعوام کو ایک ہی چھت تلے مختلف خدمات کی فراہمی کیلئے پنجاب کے تمام اضلاع میں سینٹرز قائم کئے جائیں گےـ سہولت سینٹرز کے قیام سے عوام کو خدمات کے حصول کیلئے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیںگےـ صوبے کے تمام اضلاع میں سہولت کے سینٹرز کے قیام کا جامع پلان مرتب کیا جائے گا اور رائیٹ ٹو سروس ایکٹ کے مسودہ قانون کو ایک ہفتے کے اندر حتمی شکل دی جائے گی ـ انہوںنے کہا کہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی اور عوامی خدمت ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے ـعوام کو ریلیف کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے صرف کئے جارہے ہیں۔ ہم سب مل کر محنت، امانت، دیانت اور جدوجہد کے سنہری اصولوں کو اپنا کر انشاء اللہ ملک کو صحیح معنوں میں قائداعظم اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی)پا کستان سنی تحریک کے زیر اہتمام عید میلاد النبیۖ کے سلسلہ میں عظیم الشان مشعل بردار میلادریلی نکالی گئی جو کہ مین مدینہ مسجد ٹاون شپ سے شروع ہوکر مین بازار پراختتام پزیر ہوئی۔ڈویژنل صدر مولانا مجاہد عبدالرسول خان ، لاہور سٹی کے صدرسردار محمد طاہر ڈوگر،شیخ محمد نواز قادری نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محب وطن اور عاشقان مصطفی اندر اور باہر کے دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے تمام تر اختلاف بھلا کر عشق مصطفی کا پرچم سر بلند رکھنے کے لیے متحد ہو جائیں۔ تخلیق وجہ کائنات امام الانبیاء حضرت محمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا یوم ولادت منانا ایمان کی تجدید ہے۔ عالم اسلام سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا جشن ولادت شایان شان منانے کے لیے محفل میلاد اور دوردوسلام کی محافلیں سجائیں۔ ربیع النورکا مہینہ برکتوں ، رحمتوں، عظمتوں کا ہے پاکستان سنی تحریک کے تحت پورے ملک میں جشن آمد رسول کے سلسلے میں ملک بھر میں ریلیاں اور جلوس نکالے جائیں گے عوام اہلسنّت گلیوں، بازاروں، محلوں، شاہراہوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے جگمگادیں۔ صوبائی و وفاقی حکومتیں عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے سرکاری سطح پر پروگرام کرائیں۔ بلکہ(K.E.S.C) سمیت بجلی فراہم کرنے والے ملک بھر کے تمام ادارے ربیع النور کے دوران بالخصوص میلاد کے جلسوں اور محافل نعت کی تقریبات کو کم از کم بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے کر اپنی قبروں میں اجالے کا ضرور اہتمام کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کی اساس رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی محبت پر اپنا سب کچھ قربان کردینے کا نام ہے۔ یہی فکر و فلسفہ پاکستان سنی تحریک کا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں عید میلالنبی ۖ کے مو قع پر سکیور ٹی کے انتظامات پا ک فوج کے حوالے کئے جائیں۔مرکزی حکو مت کو چا ہئے کہ وہ 11ربیع الاول کو بھی ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرے۔حکمرانوں کے زبا نی جمع خرچ پر قوم کو اعتماد نہیں رہا۔موجودہ حکمران عوام میں امن و امان ،ملکی معیشت ،سیاسی اور مذہبی قدروں کا تحفظ کرنے میں ناکام ر ہے ہیں۔ان موجود ہ حالات میں حکمران حکومت کر نے کا اپنا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔اس موقع پرمفتی محمد حسیب عطاری ، علامہ سرفراز سیالوی، علامہ ریاض ہزاروی،محمد اظہر قادری، محمد اقبال قادری بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی) جماعت اسلامی لاہور کی جانب سے پنجاب یونین آف جرنلسٹ (دستور )کے عہدیداران کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ میں تمام منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ آپ کی منتخب باڈی کا سیاسی جماعتوں کے ساتھ ویسا ہی تعلق ہو گا جیساایک درخت کا اپنے پتوں کے ساتھ ہوتا ہے ۔استقبالیہ تقریب میں پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے صدر حامد ریاض ڈوگر ، چوہدری اصغر اور دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی ۔ جماعت اسلامی لاہور کے سیکرٹر ی جنرل خلیق احمد بٹ ، سیکرٹری اطلاعات لاہور عبدالعزیز عابد ، سیکرٹری اطلاعات صوبہ پنجاب محمد فاروق چوہان بھی تقریب میں شریک تھے ۔میاں مقصود احمد نے کہا کہ دور غلا می کی وجہ سے قوموں کا ضمیر تبدیل ہو جا تا ہے آپ لوگ معاشرے کا انتہائی اہم طبقہ ہیں عوام کو آپ حضرات سے بے شمار توقعات وابسطہ ہیں ۔ قلم کی طاقت آپ کے پاس ایک امانت ہے اگر اس امانت کا صحیح استعمال ہوگا تو اس کے نتا ئج بھی درست ہو نگے بد قسمتی سے ہمارا معاشر ہ سے اس تقسیم در تقسیم کے عمل کو ختم کر نا ہوگا ۔ہمارا اصل دشمن ہمارے اندر تفریق پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کر نا چاہتا ہے ہمیں ان حالات میں اپنی صفوں میں اتحاد ویگانگت کی حقیقی ضرورت ہے ہم نے اس ملک میں ہمیشہ اس اتفاق و اتحاد کی سیاست کو پروان چڑھانے کے لیے اپنا مثبت کر دار ادا کیا ہے اور آپ حضرات اس با ت کے شاہد ہیں ۔ اس کردار کی وجہ سے ہمیں مشرقی پاکستان سے لیکر مغربی پاکستان میں اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑھ رہی ہے ۔تقریب سے پنجاب یونین آف جرنلسٹ (دستور)کے صدر حامد ریاض ڈوگر نے بھی خطاب کیا اور جماعت اسلامی لاہور کی جانب سے دی گئی اس پر وقار تقریب پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی )16دسمبر کو بھول گئے تو تاریخ بھی ہمیں بھول جائے گی۔بچوں کا قتل عام کرنے والا کوئی بھی قابل نفرت ہے۔وقت آگیا ہے کہ مساجد و مدارس امن کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار اداکریں ۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد خلفائے راشدین میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کا پرچم علماء کے سپرد کیا تھا اب علماء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پرچم کی حفاظت کریں اور پاکستان کو کمزور کرنے والی ہر سازش کو ناکام بنادیں۔انہوں نے کہا کہ جب اندرونی انتشارہوتو دشمن اسکا فائدہ اٹھاتا ہے ۔ہندوستان جان لے کہ اس کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جاسکتا ہے۔پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔پوری پاکستانی قوم ہندوستان کی جارحیت کیخلاف متحد ہے۔مولانا طاہر اشرفی نے خطبہ جمعہ کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف سزائیں دہشتگردی ختم نہیں کرسکتیں ۔دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے داخلہ و خارجہ پالیسی کو بدلنے کے ساتھ ساتھ نظریاتی اور فکری محاذ پرجدوجہد کرنی ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مدارس میں اصلاحات کی باتیں کرنے والے بتائیں کہ وہ مدارس میں کیا اصلاحات چاہتے ہیں۔مدارس پر صرف الزامات کو قبول نہیں کیا جائے گا۔حکومت شواہد پیش کرے ہم مکمل تعاون کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ،وفاق المساجد پاکستان ،تحفظ مدارس دینیہ پاکستان اور وفاق المدارس نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے پہلے بھی تعاون کیا ہے اب بھی تعاون کیلئے تیار ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لاہور(جی پی آئی )وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی چوہدری محمد ارشد جٹ نے کہا ہے کہ عمران خان اب پھر وزیراعظم بنے کے خواب دیکھ رہے ہیں اور انہیںیہ خواب شیخ رشید دیکھا رہے ہیں۔ عمران خان نے ایک بار پھر جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ، مذاکراتی عمل میں مسلم لیگ ن نے تحریک انصاف سے ہر قسم کا تعاون کیا مگر گزشتہ روز عمران خان نے ایک پھر حقائق کے برعکس موقف اختیار کیا۔عمران خان کے اسمبلی میں نہ جانے کا اعلان مایوس کن ہے ۔عمران خان ہر وقت دھاندلی دھاندلی کا ورد کرتے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ شیخ رشید عمران خان سے دھوکہ کھاچکے ہیں۔تحریک انصاف نے شیخ رشید کی سیاست کا زندہ کرنے کی کوشش مگروہ بھی ناکام ہوئی ۔ شیخ رشیدکو ملکی حالات کا کوئی احساس نہیں ہے ۔انہیں صرف اپنی سیاست کی فکر ہے وہ اپنی سیاست بچانے کی کوشش کررہے مگر ان کی سیاست تو سمندر میں غرق ہوچکی ہے ۔وہ ایک رکن پارٹی کے سربراہ ہیں اور دعوے اس طرح کرتے ہیں کہ ان کے ساتھ نہ جانے کتنے لو گ ہیں