لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف بہت خوش گوار موڈ میں، گل داودی کی نمائش کا افتتاح کرنے باغ جناح پہنچے جہاں اُنہوں نے مختلف سٹالز کا معائنہ کرنے کے بعد اچھے موڈ میں میڈیا کے ساتھ گفتگو بھی کی اور ملکی ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کو ایک مرتبہ پھر تنقید کا نشانہ بنایا۔
لیکن یہ سب مزہ اُس وقت کرکرا ہو گیا جب حمزہ شہباز شریف کی واپسی کے موقع پر لاہور میں زیرتعلیم لیہ کے دو نوجوانوں محمد فرحان اور عارف عزیز قریشی نے گو نواز گو کے نعرے لگانے شروع کر دئیے۔
جس پر پولیس اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔ صورت حال دیکھتے ہوئے حمزہ شہباز شریف تو وہاں سے روانہ ہو گئے لیکن پولیس نے ایک نوجوان عارف عزیز قریشی کی ٹھکائی کرتے ہوئے اُسے تھانہ سول لائنز منتقل کر دیا جبکہ دوسرا نوجوان پولیس کے شکنجے میں آنے سے بچ گیا۔