اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال لاہور میں برفباری ہوئی تھی اس لئے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں تجویز پیش کی تھی کہ کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان ون ڈے سیریز کروائی جائے، ان مقابلوں میں دونوں ملکوں کی جیت ہوگی، کسی کو ہارنے پر بھی افسوس نہیں ہوگا۔
شعیب اختر کی تجویز کو بھارتی کرکٹرز نے یکسر مسترد کردیا اور پر تنقید کرتے ہوئے سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے کہا کہ بھارت کو پیسوں کی ضرورت نہیں، کرکٹرز کی جان کو خطرے میں ڈالنے والا کوئی کام ممکن نہیں، سابق کپتان سنیل گواسکر نے بھی طنز کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں برف باری تو ہوسکتی ہے لیکن بھارت اور پاکستان کی سیریز کے امکانات نہیں، دونوں ممالک کی ٹیمیں ورلڈ کپ اور آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں ہی آمنے سامنے ہوں گی۔ اس خبرکوبھی پڑھیں: سنیل گواسکرنے پاک بھارت سیریز کا امکان مسترد کردیا
سنیل گواسکر کے جواب میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے بھی سوشل میڈیا پر بھرپور جوابی حملہ کیا اور انہوں نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ سال لاہور میں برفباری ہوئی تھی، اس لئے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔