لاہور، شاپنگ مال دھماکے سے ریستوران تباہ ، 8 دکانوں کو نقصان

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے گلبرگ کے ایک شاپنگ مال میں دھماکے سے ریستوران تباہ جبکہ ملحقہ 8 دکانوں کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے میں ایک شخص معمولی زخمی ہوا، زوردار دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ھماکہ صبح سویرے گلبرگ کی لبرٹی مارکیٹ کے عقب میں واقع شاپنگ مال کی بالائی منزل پر ریستوران میں ہوا۔

دھماکے سے ریستوران کی چھت اور دیواریں گر گئیں، لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے نکل آئے، ارد گرد کی عمارتوں کے بھی شیشے ٹوٹ گئے، شاپنگ مال بند ہونے کی وجہ سے ایک شخص معمولی زخمی ہوا، دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں، بم ڈسپوزل سکواڈ موقع پر پہنچ گیا اور شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکا بارود سے نہیں گیس بوائلرز پھٹنے سے ہوا۔ ڈی سی او لاہور بھی موقع پر پہنچ گئے، ان کا کہنا تھا کہ فرانزک رپورٹ آنے سے پہلے دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ واضح نہیں کہا جا سکتا۔ دھماکہ بارودی تھا یا بوائلر پھٹنے سے ہوا، فرنزاک رپورٹ آنے سے ہی کسی حتمی نتیجے پر پہنچا جا سکے گا۔