لاہور: تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر قائدروحانی صوفی مسعوداحمد صدیقی نے امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ اس ماہ مبارک میں ہم اللہ رب العزت کے حضور ملکی ترقی ، دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں پوری قوم کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور افواج پاکستان سے بے حد امیدیں وابستہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقدہ ہفتہ وار تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، ان کاکہنا تھاکہ روزہ تزکیہ نفس ، برداشت اور تمام بنیادی برائیوں سے بچتے ہوئے خالصتاً رضائے الٰہی کیلئے عملی کوشش کا نام ہے ،۔
روزہ ہمیں روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی برائیوں سے عملی طور پر بچاتا ہے اور ہر روزہ دار جھوٹ ، بہتان اور رزق حرام سے پرہیز کرتے ہوئے اللہ رب العزت کی رضاکا حقدار بن سکتا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم رمضان المبارک میں حق تعالیٰ کی رحمتیں سمیٹنے کے ساتھ ساتھ باقی مہینوں میں بھی نیک اعمال اور پرہیز گاری کو اپنے اوپر لازم کریں تاکہ حضور نبی کریم ۖ کے پکے اور سچے امتی بن کر دوسرے مسلمانوں کی حقیقی معنوں میں رہنمائی کرسکیں ۔تربیتی نشست میں صاحبزاہ پیر شبیر احمد صدیقی سمیت دیگر ثناء خوان رسول ۖ نے نبی کریم ۖ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے جبکہ پیر سید احمد ندیم شاہ ، پیر حاجی مختار احمد ، پیر جنید نقشبندی ، پیر محمد طاہر نقشبندی ، پیر محمد راشد نقشبندی، پیر سید عدنان اکرم سمیت دیگر مشائخ بھی نشست میں شریک تھے۔اختتام پر ملکی سلامتی اور افواج پاکستان کی مزید و مستحکم کامیابیوں کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔