لاہور میں تیز رفتار کاروں کے آپس میں ٹکرانے سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) مغل پورہ میں شالیمار لنک روڈ پر موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

لاہور کے علاقے مغل پورہ میں شالیمار لنک روڈ کے فلائی اوور پر تیز رفتار کار موٹر سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر مخالف سمت سے آنے والی دوسری کار سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار اور ایک کار ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

جب کہ خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تاہم طبی امداد کے دوران خاتون بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی فی الحال شناخت نہیں ہوسکی تاہم اس سلسلے میں کوشش کی جارہی ہے کہ جلد از جلد شناخت کے بعد لاشیں لواحقین کے حوالے کی جائیں۔ دوسری جانب حادثے کے مقام سے لفٹر کی مدد سے دونوں کاروں کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔