لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے بعد مشتعل کارکنوں نے میٹرو بس سروس کو بھی روکنے کی کوشش کی، کارکنوں نے میٹرو بس پر پتھرائو کیا جس سے چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے نقص امن کے پیش نظر انتظامیہ نے میٹرو بس سروس معطل کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ مزید کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔
دوسری طرف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شہر میں ٹریفک کے بہائو میں خلل ڈالنے کیلئے بڑی مقدار میں پٹرول اور ٹائروں کا انتظام کر لیا ہے جنہیں آج احتجاج کے دوران نذر آتش کیا جائے گا۔
شہر کی مختلف شاہراہوں پر آمد و رفت کیلئے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی شہری رکاوٹوں اور ٹریلرز کے نیچے سے گزرتے رہے جس سے چند شہری ہجوم کی وجہ سے معمولی زخمی بھی ہوئے۔