لاہور میں طوفانی ہوائوں کے ساتھ بارش، موسم خوشگوار ہو گیا

Rain

Rain

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بادل برس گئے، دن میں اندھیرا چھا گیا ، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ اسلام آباد ، سیالکوٹ ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی ابر رحمت برسنے سے گرمی کا احساس کم ہوگیا۔

ہرچیز دھل کر نکھر گئی ۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے ۔ لاہور میں پہلے گھنگھور گھٹائیں چھائیں پھر بادل گرجے بھی اور کھل کر برسے بھی ، طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش نے جل تھل کردیا ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ ٹھنڈی ٹھنڈی ہوا کے ساتھ تیز بارش نے موسم کو حسین بنا دیا درخت اور پودے بھی دھل کر نکھر گئے۔

گرمی کا زور ٹوٹنے پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ اسلام آباد میں بھی بارش کے بعد سرمئی بادلوں کے ڈیرے ہیں ، ہلکی ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں جس سے گرمی کا احساس کم ہوگیا ہے ۔ شیخوپورہ ، سیالکوٹ ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش نے موسم کو سہا نا بنا دیا ہے ۔ بارش کی وجہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

لوگوں نے موسم کو خوب انجوائے کیا ۔ موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ، اسلام آباد راولپنڈی ، لاہور ، گوجرانوالہ اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔