لاہور (جیوڈیسک) لاہور شہر اور نواحی علاقوں میں شدید دھند چھا گئی، حدنگاہ انتہائی کم ہونے پر علامہ اقبال ایئرپورٹ پر فلائٹ شیڈول معطل ہو گیا، پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک موٹر وے کو بھی بند کر دیا گیا۔
لاہور شہر اور نواحی علاقوں میں شام کے وقت چھانے والی دھند نصف شب تک انتہائی شدت اختیار کر گئی ، شہر میں حدنگاہ انتہائی کم جبکہ موٹروے سمیت کھلے علاقوں میں صفر ہو کر رہ گئی۔
علامہ اقبال ایئرپورٹ پر وزیبیلیٹی پچاس سے سو میٹر رہ جانے پر فلائٹ شیڈول معطل کر دیا گیا،اندرون اور بیرون ملک آنے جانے والی پروازیں التواء کا شکار ہو گئیں ،موٹروے پر حدنظر صفر ہونے پر لاہور سے پنڈی بھٹیاں اور شیخوپورہ تک جبکہ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کو بند کر دیا گیا۔
لاہور سے اوکاڑہ تک جی ٹی روڈ پرحدنگاہ صفر ہونے پر مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ،نیشنل ہائی وے حکام نے ڈرائیوروں کو گاڑیوں کی رفتار انتہائی کم رکھنے اور فوگ لائٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔