لاہور: اہلسنت کی جملہ تنظیموں کا ایک مذمتی اجلاس ہوا

Lahore

Lahore

لاہور: اہلسنت کی جملہ تنظیموں کا ایک مذمتی اجلاس عالمی ادارہ تنظیم الاسلام کے مرکزی سیکرٹریٹ درگاہ حضرت ابوالبیان ماڈل ٹائون میں ہوا۔ جس کی صدارت مولانا ابوطاہر عبدالعزیز چشتی نے کی۔

اجلاس میں لاہور میں منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں اور پروفیسرعلامہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ پر پولیس گردی کی شدید مذمت کی گئی اور انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیاگیا۔ امیر اعلیٰ عالمی ادارہ تنظیم الاسلام صاحبزادہ پیر محمد رفیق احمد مجددی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسا بہیمانہ سلوک جس میں عورتوں اور بے گناہ شہریوں کو قتل کردیاجائے ۔ انتہائی قابل مذمت ہے ، یہ صریحاً ظلم ہے ، جو کہ پولیس نے کیا۔

اس ظلم اور زیادتی پرحکومت اور عدلیہ کو فوری ایکشن لینا چاہئے اور ملزمان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اس دکھ اور الم کی گھڑی میں اہلسنت کی جملہ تنظیمیںمنہاج القرآن کے ورکروں کی شہادت پر سخت غمگین اور غصے میں ہیں اور ان کے ساتھ اس غم میں برابر کی شریک ہیں اور ان کی بھرپور اخلاقی حمایت کا اعلان کرتی ہیں۔اجلاس میں علامہ خالد حسن مجددی ،علامہ مولانا غلام مصطفی چشتی ،قاری محمد اعظم چشتی ،علامہ محمد یعقوب فریدی ،مولانا پروفیسر ابرار حسین ساقی،پرفیسر علامہ محمد نوید اقبال ،حافظ محمد عرفان ،علامہ محمد بشارت علی ،ندیم ارشد،علامہ انور سعید ،علامہ اشفاق ،علامہ محمد تنویر حسین ، علامہ محمدراشد ،علامہ محمد یاسین ،علامہ محمد شاہد اقبال اور دیگر علماء کرام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔