فیصل آباد : انجمن تاجران سٹی الائیڈ گروپ کے صدر پرویز اقبال کموکا جنرل سیکرٹری میاں تنویر ریاض ودیگر عہدیداران طارق محمود قادری ‘ رانا خالد محمود ‘مرزا دائود ابراہیم ‘رانا عبدالحمید ‘میاں عابد ‘شکیل عابد بھٹی ‘ شیخ زاہد ‘چوہدری عبدالحمید اور عرفان منج نے گلشن اقبال پارک لاہور میں ہونیوالی دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ درندگی اور بربریت کی انتہا ہے۔
ان لوگوں نے بے گناہوں اور عام لوگوں کو نشانہ بنا کر اپنے مکروہ عزائم کا جو اظہار کیا ہے وہ کسی صورت بھی پورے نہیں ہوں گے کیونکہ پنجاب حکومت اور پاک فوج نے صوبہ بھر میں ٹارگٹیڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اب ان دہشتگردوں کو کوئی نہیں بچا سکے گا انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل ہونے والے ملک میں دہشتگردوں اورانتہا پسندوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ‘ ان ظالموں نے یہ نہیں سوچا کہ جن کو یہ نشانہ بنارہے ہیں وہ معصوم بچے اور گھریلو خواتین ہیں جن کی کسی کیساتھ کوئی دشمنی نہیں ہوسکتی بیچارے گھر سے ایسٹر اورچھٹی منانے آئے تھے مگر وہ بے موت مارے گئے۔
الائیڈ گروپ کے عہدیداران نے مزید کہا کہ جب بھی ملکی معیشت درست سمت پر گامزن ہوتی ہے تو ملک واسلام دشمن عناصر انتہائی گھٹیا اور بزدلانہ حرکات کر کے پاکستان کو بد نا م اور ناکام کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاہم افواج پاکستان اور سیاسی قیادت کی بہتر پالیسی اور افہا م وتفہیم کی وجہ سے معاملات کو سمبھالا دیدیا جاتا ہے تا ہم یہ کب تک چلے گا ضرورت اس امر کی ہے کہ افواج پاکستان اب تما م صوبوں میں یکساں پالیسی اپناتے ہوئے ان ملک دشمنوں کو کونوں کھدروں سے نکال کر ان کے انجام تک پہنچائیں۔