لاہور : ٹریفک وارڈنز سے جھگڑا، پولیس نے میاں بیوی کو غائب کر دیا

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے گارڈن ٹائون کی پولیس نے ٹریفک وارڈنز سے جھگڑا کرنے والے میاں بیوی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے انھیں غائب کر دیا، جبکہ ٹریفک وارڈنز مقدمہ درج کرانے پر بضد ہیں۔

پولیس کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کی اسٹنٹ پروفیسر عائشہ کمال کا کلمہ چوک پر ٹریفک وارڈنز کے ساتھ جھگڑا ہوا تو انھوں نے اپنے شوہر کمال کو بلا لیا، دونوں میاں بیوی کا پھر ٹریفک وارڈنز سے جھگڑا ہوا تو انھوں نے مقامی پولیس بلا لی جس پر خاتون پروفیسر نے احتجاجا اپنے آپ کو گاڑی میں بند کر لیا، پولیس گاڑی سمیت انھیں تھانے لے آئی۔

اس دوران مقامی پولیس نے ٹریفک وارڈنز کو معاملہ ختم کرنے کو کہا، لیکن وہ نہ مانے اور خاتون اور اس کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست دے دی۔ ٹریفک وارڈنز کا کہنا تھا کہ خاتون اور اس کے شوہر نے انھیں تھپڑ مارے ہیں۔ صلح کی کوششیں ایک گھنٹے تک جاری رہیں اور اس دوران خاتون گاڑی سے باہر نہ نکلی۔

تاہم ایس ایچ او مقدمہ درج کرنے کے بجائے خاتون اور اس کے شوہر کے ساتھ نامعلوم مقام پر چلے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صلح کی کوششیں اعلیٰ سطح پر جاری ہیں۔