سانحہ لاہور جیسی بربریت 65 سالوں میں کبھی نہیں دیکھی، ڈاکٹر طاہر القادری

 Dr. Tahir-ul-Qadri

Dr. Tahir-ul-Qadri

ہور (جیوڈیسک) تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ لاہور جیسی بربریت اور دہشت گردی 65 سالوں میں کبھی نہیں دیکھی تاہم کسی سے انتقام نہیں لیں گے اب صرف انقلاب آئے گا۔

لاہور میں سیاسی جماعتوں کے وفود سے کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ لاہور میں ہمارے 100 کارکن اب بھی زندگی موت کی کشمکش میں اور کئی لاپتا ہیں جبکہ کئی افراد کی میتیں بھی غائب کردی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رات کے اندھیرے میں ہم پر ظلم کیا گیا،اتنی بڑی بربریت اور دہشت گردی 65 سالوں میں بھی نہیں دیکھی،کیا رات کے اندھیرے میں لوگوں کو گولیاں مارنے کا نام ہی جمہوریت ہے۔

طاہر القادری نے کہا کہ ہم چاہتے تو سانحہ لاہور کا انتقام پرتشدد احتجاج کے ذریعے لیتے لیکن ہم نے اتنے بڑے ظلم کے بعد بھی صبرو تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑ کر ایک مثال قائم کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے کارکنوں کو انتقاماً کسی پرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دی، ہم نے یوم سوگ قرآن خوانی اور سیاسی قوتوں کو ہم آہنگ کرکے پر امن اور جمہوری طریقے سے منایا اور اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پر کسی پولیس اہلکار سے انتقام نہیں لیں گے اب صرف انقلاب آئے گا۔

دوسری جانب ادارہ منہاج القرآن میں سانحہ لاہور پر مختلف سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ (ق)،ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پنجاب حکومت کی ایما پر قتل وغارت گری کی بدترین مثال ہے اس میں ملوث انتظامی اور پولیس افسران کو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔

جبکہ ایف آئی آر میں نامزد وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت تمام وزرا بھی مستعفی ہو جائیں۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہےکہ سانحہ پر پولیس کی مدعیت میں درج ایف آئی آر ختم کر کے گرفتار افراد کو رہا جبکہ لاپتا کارکنان کو بازیاب کرایا جائے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ لاہور میں دہشت گردی کی بدترین مثال قائم کی گئی یہ پنجاب حکومت کی کھلی غنڈہ گردی ہے جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل نے چیف جسٹس سے واقعے کا ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کے صاحبزادے حسن محی الدین نے کہا کہ سانحہ لاہور پر اظہار یکجہتی کے لئے ایم کیوایم، پیپلزپارٹی اور (ق )لیگ سمیت دیگر جماعتوں کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ حکومتی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے اس کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ تشکیل دیا جائے جبکہ انہوں نے ایم کیوایم کی مقتول رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کے قتل کی بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔