لاہور (جیوڈیسک) سانحہ لاہور کے دوران گاڑیوں اور دکانوں کی توڑ پھوڑ میں ملوث گلو بٹ نے عدالت میں ضمانت کے لئے درخواست دائر کردی ہے۔
گلو بٹ نے اپنے وکیل کے توسط سے جوڈیشل میجسٹریٹ کے رو برو ضمانت کی درخواست دائر کی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس کے خلاف جن دفعات کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا ہے وہ تمام قابل ضمانت ہیں، اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ ٹرائل مکمل ہونے تک اسے ضمانت پر رہا کیا جائے۔
عدالت نے مدعی کا موقف سننے کے بعد پولیس سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔
واضح رہے کہ 17 جون کو ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے دوران گلو بٹ نے وہاں کھڑی کئی گاڑیوں کے شیشے توڑے تھے اور دکانوں سے لوٹ مار کی تھی۔