لاہور (جیوڈیسک) گلشن اقبال پارک میں دھماکے سے ہونے والے جانی نقصان پر جہاں پوری قوم سوگ میں ڈوبی ہے وہیں بین الاقوامی برادری اور عالمی لیڈروں نے بھی اس کی بھرپور مذمت کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور کا واقعہ ایک ہولناک دہشت گردی ہے، وہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت اور پاکستان کے عوام و حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس کے ذمہ داروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بزدل دہشت گردوں نے عورتوں اور بچوں کو نشانہ بنایا جو قابل مذمت اور افسوس ناک ہے۔ ہم دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم کے ساتھ ہیں۔
امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ افسوس کرتی ہے اور اس کی نیک تمنائیں لاہور کے عوام کے ساتھ ہیں۔ امریکی حکومت اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے بھی لاہور حملے اور اس میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹس ٹروڈو نے بھی دہشت گردی کے اس واقعے کو بربریت قرار دیتے ہوئے پاکستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
دوسری جانب لاہور میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف پیرس کے مشہور ایفل ٹاور کی روشنیاں بھی بند کردی گئیں جب کہ امریکا کے معروف اومنی ہوٹل کی عمارت کے بیرونی حصے پر روشنیوں کی مدد سے پاکستان کا پرچم بنایا گیا۔