لاہور (جیوڈیسک) سانحہ گلشن اقبال پارک میں دھماکے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آ گئی ۔ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ۔ چوبیس گھنٹے کے دوران 5 بڑے دہشت گرد مارے گئے ۔ لاہور کے علاقے علامہ اقبال ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف کی عدم دستیابی پرتیئس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی خصوصی ہدایات پر دہشت گردوں کے خلاف پنجاب بھر میں آپریشن میں تیزی آ گئی ہے ۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران انتہائی مطلوب 5 دہشت گرد مظفر گڑھ اور راجن پور میں مارے گئے ۔ صوبے کے مختلف حصوں میں بھی آپریشن تیز کر دیا گیا ہے ۔ حساس اداروں ، پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کئے ۔ پچھلے ایک ہفتے کے دوران جنوبی پنجاب میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔ ایک ماہ میں مارے جانے والے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی کل تعداد 30 ہو گئی ہے ۔ مختلف کارروائیوں میں 67 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد مختلف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ لاہور اور گرد و نواح میں مشترکہ آپریشن کے دوران 15 افراد جبکہ لاہور کے علاقہ علامہ اقبال ٹاؤن میں سرچ آپریشن کے دوران شناختی کوائف کی عدم دستیابی پر 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران شہریوں کے شناختی کوائف اور مشکوک گاڑیوں کو بھی چیک کیا گیا ۔