لاہور: عمر اکمل رشتہ ازدواج میں بندھ گئے، باراتیوں کے بھنگڑے

Umar Akmal

Umar Akmal

لاہور (جیوڈیسک) کرکٹ میدانوں میں چوکوں چھکوں کی بارش کرنے والے عمر اکمل نے سہرا باندھا ، دلہا بن کرنکلے ، بینڈ باجوں اور شہنائیوں کی گونج میں من کی رانی بیاہ لائے۔

یہ دن عمر اکمل کے لیے گیتوں ،شہنائیوں ، قہقہوں اور مسکراہٹوں کا تھا ، ڈیفنس لاہور کے اس گھر میں پہلی تقریب سہرابندی کی ، دلہا کے بہن بھائی ، دوست یار اور رشتے دار سب شریک ہوئے، ساری ہی دلکش رسمیں ادا ہوئیں۔بیش قیمت شیروانی پہن کر دلہا نکلا ، گاڑی کی ڈرائیونگ بڑے بھائی کے حصے میں آئی۔

بارات گیریژن کلب پہنچی تو بینڈ باجوں سے استقبال ، دلہا کے دوست اور رشتہ دار بھنگڑا ڈالتے اورلڑکی والے پتیاں نچھاور کرتے رہے، سسر سابق کرکٹر عبدالقادر اور اہل خانہ نے خوش آمدید کہا، پھولوں کے ہار پہنائے۔شادی ہال میں موجود ہر چہرے پر مکراہٹ، ہر سو رنگ و نور کی برسات۔

سب کے درمیان بیٹھے دلہا دلہن کے چہروں پر مسکراہٹیں ، آنکھوں میں خوبصورت زندگی کے سپنے، دل کے ارمان زبان پر آئے بغیر نہ رہ سکے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی ، کپتان مصباح الحق کے ساتھ انضمام الحق ، اقبال قاسم ، سرفراز نواز ، مشتاق احمد جیسے سابق اسٹارزبھی موجودتھے۔

کھانا شروع ہوا تو ون ڈش کی پوری پابندی کے ساتھ مہمانوں کی بھرپور تواضع کی گئی۔ خوشیوں ، رنگوں ، رعنائیوں سے سجی تقریب جاری تھی کہ رخصتی کی گھڑی آگئی ، بابل کے گھر کی نور آمنہ اپنے پیا کے آنگن کا نور بننے اس کے ساتھ چلی گئی۔