لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں 3 بچوں کے باپ نے بے روزگاری، غربت اور مہنگائی سے دلبرداشتہ ہو کر بیوی کو قتل کر دیا اور بعد میں پھندے سے جھول کر خود بھی موت کو گلے لگا لیا۔ بے روزگار ی، غربت اور مہنگائی نے کوٹ لکھپت کی عوامی کالونی کے اس گھر میں صف ماتم بچھا دی ۔ 40 سالہ اصغر کافی عرصے سے بیروزگار تھا اوپر سے بیماری نے بھی گھر دیکھ لیا۔
بیوی دوسروں کے گھروں میں کام کاج کرکے تھوڑا بہت لے آتی مگر پورا نہ پڑتا، مہنگائی نے غربت کے ڈیرے طویل کر دیئے۔
اصغر اس صورتحال کو مزید برداشت نہ کرسکا۔ اس نے پہلے بیوی کوقتل کیا اور پھر خود چھت سے جھول گیا۔ ایک کمرے کا مکان، کرایہ 3 ہزار روپے، پیٹ بھریں، کرایہ دیں، بیماری کاٹیں یا دیگر مسائل سے نبرد آزما ہوں۔ زندگی اس قدر مشکل ہو گئی کہ اصغر کو یہی راستہ آسان لگا۔ پولیس نے میاں بیوی کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا کر مقتولہ بیوی کے ورثا کی درخواست پر اصغر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔