لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کے قریب نا معلوم افراد نے گھر میں گھس کر نوجوان لڑکی پرتیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گئے ، لڑکی کو طبی مداد کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سخت ترین قوانین اور تمام تر دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ تیزاب گردی کے واقعات رک نہ سکے ، لاہور میں ہربنس پورہ کے علاقے سلامت پورہ میں رات گئے نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر بائیس سالہ آمنہ نامی لڑکی پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہوگئے ۔ تیزاب کے باعث لڑکی کی گردن بری طرح جھلس گئی ، اہل خانہ نے فوری طور پر لڑکی کو سروسز ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ہسپتال ذرائع کے مطابق لڑکی کی حالت تشویش ناک ہے۔
آمنہ کے اہل خانہ کے کا کہنا ہے کی ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ، دوسری جانب پولیس کی روایتی بے حسی بھی برقرار ہے ، واقعے کی اطلاع ملنے کے باوجود پولیس موقع پر نہ پہنچی اور نہ ہی کسی قسم کی کارروائی کا آغاز ہوسکا۔