لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقے بابو صابو میں ایک شہری پولیس رویئے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایک لاکھ 32 ہزار وولٹ کے ہائی ٹینشن ٹاور پر چڑھ گیا، جسے کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے بحفاظت اتار لیا۔ تھانہ شیرا کوٹ پولیس نے شہری کے خلاف اقدام خود کشی کا مقدمہ درج کر لیا۔ بھاٹی گیٹ کا رہائشی امجد شام کے وقت اچانک بابو صابو میں ہائی ٹینشن ٹاور پر چڑھ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس حکام اور ریسکیو اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے۔
واپڈا نے بجلی کی سپلائی منقطع کر دی، ٹرانسمیشن لائن سپرنٹنڈنٹ سید واصف مذاکرات کیلئے شہری کے پاس پہنچے تو اس نے بتایا کہ 2005 میں اس کا گھر جل گیا تھا، وہ غریب آدمی ہے، کسی سے ایک لاکھ روپے لینے تھے، اس مقصد کیلئے کئی مرتبہ پولیس کے پاس گیا لیکن اسے تھانے والے دھتکار دیتے۔ وہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے کھمبے پر چڑھ گیا۔ مذاکرات کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے خصوصی کرین کی مدد سے شہری امجد کو ٹاور سے اتار لیا۔