لاہور (جیوڈیسک) لاہور کے علاقہ شاد باغ میں ایک مہندی کی تقریب کے دوران شادی ہال کی دیوار گر گئی جس کے نتیجے میں دلہن سمیت 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ شاد باغ ٹو کے والا چوک میں واقع ایک شادی ہال میں مہندی کی تقریب جاری تھی کہ بارش اور تیز ہوائوں کے باعث اسٹیج کے پیچھے دیوار سے بندھے شامیانوں کے وزن سے دیوار اسٹیج پر آگری ، دیوار گرنے کے نتیجے میں دلہن اور 2 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہو ئے اور خوشیوں بھری تقریب میں صف ماتم بچھ گئی۔
اِس افسوس ناک واقعے میں دلہن شمائلہ جو کراچی سے اپنے اہل خانہ اور رشتے داروں کے ہمراہ اپنے چچا یاسین کے گھر شادی کے لیے لاہور آئی تھی لیکن خوشیاں نہ دیکھ سکی اور اس دنیا سے چل بسی، یوں ایک ہنستا بستا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں دلہن شمائلہ، 2 بچے علی عامر، نعمان، مووی میکر عارف اور ایک خاتون شامل ہیں۔ 20 سے زائد زخمیوں کو میو اسپتال، کوٹ خواجہ سعید اسپتال اور نواز شریف اسپتال طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا۔ اس افسوسناک واقعے کا وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔