لاہور (جیوڈیسک) پولیس کے مطابق کماہاں روڈ نشتر کالونی کے رہائشی ملزم نذیر احمد نے 2014ء میں اپنی بیوی 35 سالہ بشیراں بی بی کو غیرت کے نام پر گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور ساتھی ساجد کی مدد سے مقتولہ کی لاش روہی نالے میں پھینک دی تھی۔
ملزم نے متعلقہ تھانے میں بیوی کے اغواء کا مقدمہ درج کروایا لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہ ہو سکا جس کے بعد اس قتل پر پردہ پڑا رہا۔
تاہم دو سال بعد مقتولہ کی والدہ بختاور بی بی نے مقدمے کی از سر نو تفتیش کے لئے درخواست دیتے ہوئے ہوئے اپنے داماد پر شک کا اظہار کیا، جس کے بعد پولیس نے پرانے مقدمے کو دوبارہ کھولتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا اور تفتیش شروع کر دی۔
ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے اپنے ایک ساتھی کی نشاندہی بھی کی، جس پر بشیراں بی بی کے قتل میں ملوث ملزم کا ساتھی ساجد بھی گرفتار کر لیا گیا۔