لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں سہ پہر 3 بجے کے وقت چلنے والی تیز آندھی نے نطام زندگی متاثر کر دیا۔
ہوا کی رفتار 102 کلومیٹر تک پہنچ گئی جس نے شہریوں کو دہلا کر رکھ دیا۔ رکشے پر درخت گرنے سے دو خواتین کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا کی رفتار 82 کلومیٹر تک جبکہ ائیرپورٹ پر 102 تک جا پہنچی تھی۔
آندھی سے ہر طرف گردوغبار کا طوفان چھا گیا اور سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بھی بری متاثر ہو گیا۔ لاہور کے علاقے سندر داس روڈ پر تیز ہوا کے باعث درخت گرنے سے ایک رکشے میں سوار دو خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ آندھی سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا۔ شہر کے اکثر علاقے بجلی سے محروم ہو گئے اور ٹرپنگ کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں۔
دوسری جانب آندھی کے باعث پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا ہیلی کاپٹر بھی حادثے سے بال بال بچ گیا۔ عمران خان اپنی اہلیہ ریحام خان اور جہانگیر ترین کے ہمراہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاہور آ رہے تھے کہ اچانک آندھی سے ہیلی کاپٹر کا تین مرتبہ توازن خراب ہو گیا اور لینڈنگ میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ تاہم پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کو بحفاظت اتار لیا۔