لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے راولپنڈی ایئر پورٹ، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاوٴس پر حملے میں ملوث پاکستان عوامی تحریک کے چھتیس کارکنوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد قاسم خان نے کیس کی سماعت شروع کی تو ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے داخل کرائے گئے جواب میں کہا گیا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے پانچ سو بیس کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ ایئرپورٹ، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ ہاوس پر حملے میں ملوث چھتیس افراد کو ایک ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کروانے کا کہا گیا تھا اور مچلکے جمع نہ کروانے کے باعث انہیں رہا نہیں کیا گیا۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ رہائی کے عوض ہوم ڈیپارٹمنٹ مچلکے وصول کرنے کا مجاز نہیں ہے۔ عدالت نے تمام چھتیس افراد کو فوری طور پر بغیر مچلکوں کے رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔