اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی ملک بھر سے مقدمات کی فہرست طلب کرنے کی درخواست پر وفاق کو جواب داخل کرانے کے لیے 2 مارچ تک مہلت دے دی ہے۔
جسٹس نورالحق قریشی پر مشتمل سنگل بنچ نے ذکی الرحمان لکھوی کی درخواست کی سماعت کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ممبئی حملہ کیس میں ضمانت کے بعد حکومت آئے روز نئے مقدمات بنالیتی ہے
لہٰذا ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف ملک بھر میں درج مقدمات کی فہرست ہائی کورٹ میں جمع کرائی جائے تاکہ ضمانت کے لئے ایک ساتھ درخواست جمع کرائی جا سکے۔درخواست گزار کے وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ صرف اسلام آباد میں دو کیسز کا بتایا گیا ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں مقدمات کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا جا رہا۔ وفاق کے وکیل جہانگیر جدون نے بتایا کہ تمام صوبوں کےہوم سیکرٹریز کو خطوط لکھے گئے ہیں، جواب کا انتظار ہے۔