اوفا (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی ہم منصب کے درمیان ملاقات آج ہوگی، وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور یہ جنگ ہماری نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے ہے جب کہ دوسری جانب چین نے بھارت پر واضح کیا ہے کہ ذکی الرحمان لکھوی کے معاملے پر اس کا مؤقف حقائق اور معقول جواز پر مبنی ہے۔
روس کے شہر اوفامیں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اور چینی صدرژی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں چین نے ممبئی حملوں کے مبینہ ماسٹرمائنڈ ذکی الرحمان لکھوی کورہا کرنے پر پاکستان کے خلاف اقوام متحدہ سے کارروائی کے بھارتی مطالبے کوویٹوکرنے کے فیصلے کابھرپور دفاع کیاہے۔
چین نے کہا کہ اس کا فیصلہ حقائق، معروضیت اور انصاف پر مبنی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کامستقل رکن ہونے کے ناطے چین ہمیشہ کمیٹی معاملات کوانصاف پسندی اور معروضیت سے دیکھتا اور طے کرتاہے۔انھوں نے دونوں رہنماؤں کی ملاقات کوتعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ذکی الرحمان لکھوی کے معاملے پربھارت اور دوسرے فریقوں سے اچھاتعلق اور رابطہ رکھتا ہے۔
دہشت گردی کے حوالے سے بھارتی تشویش پرترجمان نے کہاکہ بھارت اور چین دونوں دہشت گردی سے متاثر ہیں، چین ہرطرح کی دہشت گردی کی مخالفت کرتے ہوئے اس کے خاتمے کیلیے عالمی تعاون میں اقوام متحدہ کے قائدانہ کردارکی حمایت کرتا ہے۔