کروڑ لعل عیسن میں 15 سال سے سلاٹر ہائوس نا ہونے کے باعث قصاب گھروں میں جانور ذبح کر رہے ہیں
Posted on February 25, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
کروڑ لعل عیسن: کروڑ لعل عیسن میں 15 سال سے سلاٹر ہائوس نا ہونے کے باعث قصاب گھروں میں جانور ذبح کر رہے ہیں۔ جس سے پورے شہر میں گندگی کے ڈھیر لگ جانے سے موذی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ جبکہ جانوروں کی چیکنگ کا بھی کوئی مناسب انتظام نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف سماجی کارکن مخدوم قمرالزمان قریشی نے اپنے بیان میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہر دور میں اربوں روپے کی لاگت سے ضلع لیہ میں مختلف منصوبہ جات مکمل کیئے گئے لیکن افسوس کہ 15 سال سے کروڑ لعل عیسن میں مذبح خانہ کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی ہے۔
مذبح خانہ نا ہونے کی وجہ سے یہاں کے قصاب اپنے گھروں میں جانور ذبح کر کے گندگی باہر پھینک دیتے ہیں اور گوشت خور پرندے گندگی کے ڈھیر کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں پورے شہر میں پھیلا دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں ذبح کیئے جانے والے جانوروں کی کوئی مئوثر چیکنگ کا انتظام نہیں ہے۔ انہوں نے ڈی سی او لیہ ندیم الرحمان سے اس اہم معاملے پر خصوصی توجہ کا مطالبہ کیا ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com