کروڑ لعل عیسن کی خبریں 27/2/2014

سرکاری سکولوں میں طلبہ اور طالبات سے پارٹی فنڈ کے نام پر لوٹ مار شروع۔ والدین کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے تعلیم کے نام پر لوٹ مار کو بند کرنے کا مطالبہ۔
کروڑ لعل عیسن (تحصیل رپورٹر) گورنمنٹ ہائی سکول گرلز اور گورنمنٹ ہائی سکول بوائز چک نمبر90/ML میں اساتذہ نے اپنے طلباء اور طالبات سے پارٹی کروانے کی غرض سے فنڈ جمع کرنا شروع کر دیا ہے ۔گورنمنٹ ہائی سکول بوائز سے فی طالب علم مبلغ 1000روپے اور گورنمنٹ ہائی سکول گرلز سے فی طالبہ مبلغ1000 روپے وصول کیے جارہے ہیں۔یہ سب فنڈ نہم جماعت کے طلباء اور طالبات سے وصول کیے جارہے ہیں۔نہ دینے والے طلباء اور طالبات کو نہم کے امتحانی سینٹر میں سالانہ امتحان میں شرکت سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ چک نمبر 93/ML کے سرکاری سکولوں میں بھی اسی طرح فنڈ اکٹھا کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ اکٹھی کی گئی رقم سے اساتذہ طلباء اور طالبات کو الوداعی پارٹی بھی دینگے اور کروڑ امتحانی سینٹر پر بھی لے جانے کا انتظام کیا جائے گا۔مہنگائی کے ہاتھوں پسے ہوئے طلباء اور طالبات کے والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے تعلیم کے نام پر لوٹ مار کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور طلباء اور طالبات کو فنڈ دینے پر مجبور کرنے والے اساتذہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دیسی شراب میں زندگی تلاش کرنے والا نوجوان اپنی زندگی کی بازی ہار گیا
کروڑ لعل عیسن (تحصیل رپورٹر) چک نمبر94/ML کا ایک 20 سالہ نوجوان زیادہ مقدار میں شراب پینے کی وجہ سے اپنی جان کی بازی ہار گیا۔ 20 سالہ محمد اشفاق ولد محمد اسحاق عرف صاحبو اپنے چک کے ساتھ واقع پولٹری فارم پر اکثر اپنے نوعمر دوستوں کے ساتھ مل کر دیسی شراب پیتا تھا رات کو بھی اس نے حسب معمول دیسی شراب زیادہ پی لی اور حالت بگڑنے پر گھر والوں کو معلوم ہوا لیکن اسکی حالت نہ سنبھل سکی اور وہ اپنے دوستوں اور والدین کو روتا ہوا چھوڑ کر اس دنیا سے دور چلا گیا۔واضح رہے کہ اس چک میں دیسی شراب عام ملتی ہے اور لوگ گلیوں اور اپنی بیٹھک میں بیٹھ کر بڑی شان سے شراب پیتے اور شور شرابا کرتے رہتے ہیں۔

سید سبطین شاہ کی جگہ چوہدری طارق محمود کو تحصیل پیپلز لیبر بیورو کا صدر منتخب کر لیا گیا
کروڑ لعل عیسن ( تحصیل رپورٹر) سید سبطین شاہ کی جگہ چوہدری طارق محمود کو تحصیل پیپلز لیبر بیورو کا صدر منتخب کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز پیپلز پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سید اکبر علی شاہ ، عبدالرحمان سندھی ، محمود بھٹی ، سمیت عہدیداران اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پیپلز لیبر بیورو کے تحصیل صدر کا چنائو عمل میں لایا گیا۔ متفقہ طور پر سابق صدر پیپلز لیبر بیورو سید سبطین شاہ کی جگہ چوہدری طارق محمود کو صدر منتخب کر لیا گیا۔ یہ بات خالد حسن بندو خان سیکریٹری اطلاعات نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی حمائت وسیع ملکی مفاد میں کرتے ہیں اور آئندہ بھی حکومت کی ملک کو پرامن بنانے والی سب پالیسیوں کی حمائت جاری رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق ایم پی اے و صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب مرحوم ملک غلام محمد سواگ کی 15 ویں برسی 3 مارچ کو گاڑھا کھو پیر سواگ شریف کے مقام پر انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی
کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) سابق ایم پی اے و صدر پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب مرحوم ملک غلام محمد سواگ کی 15 ویں برسی 3 مارچ کو گاڑھا کھو پیر سواگ شریف کے مقام پر انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ مرحوم غلام محمد سواگ زمانۂ طالب علمی سے مسلم لیگی تھے۔ اور مرحوم پاکستان مسلم لیگ یوتھ ونگ پنجاب کے صدر صوبائی پارلیمانی سیکریٹری بلدیات ، ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ اور ضلع کونسل کے وائس چیئر مین بھی رہے۔ مرحوم کو 3 مارچ 1999 ء میں دہشتگردوں نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اپنی لیہ میں رہائش گا ہ پر موجود تھے۔ مرحوم ملک غلام محمد سواگ کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں گی۔ ان کی شہادت سے پیدا
ہونے والا خلاء 15 سال گزرنے کے باوجود نہیں ہو سکا۔ برسی میں ضلع بھر سے مسلم لیگی کارکنان ، ممبران اسمبلی، بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت پنجاب کے تعاون سے پرائیویٹ ہسپتالوں سے سے زیادہ بہتر سہولت فراہم کی جا رہی ہے
کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) حکومت پنجاب کے تعاون سے پرائیویٹ ہسپتالوں سے سے زیادہ بہتر سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال میں داخل مریضوں کو مفت ادویات اور ٹیسٹ کی مکمل سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایس کروڑ ڈاکٹر محبوب حسنین قریشی نے اپنے بیان میںکیا۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں گزشہ ماہ 11 ہزار 64 آئوٹ ڈور جبکہ 985 ایمرجنسی مریضوں کو چیک کیا گیا اور 414 مریض داخل ہوئے۔ جن کو ادویات اور ٹیسٹ کروڑ ہسپتال سے مہیا کیئے گئے۔ اسی طرح زچگی کے 56 آپریشن کیئے گئے اور 457 خواتین کو زچگی اور حمل کے دوران سہولیات مہیا کی گئیں۔ اسی طرح آنکھوں کے 1200 مریض چیک کیئے گئے اور 27 کو مفت لینس ڈالے گئے۔ جبکہ ڈینٹل سرجری میں 465 مریضوں کو دیکھا گیا اور 78 مریضوں کے دانتوں کی سرجری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں 5 ہزار 3 سو 20 مریضوں کے ایکسرے کیئے گئے اور لیبارٹری میں 600 مریضوں کے ٹیسٹ کیئے گئے جبکہ ٹی بی کے 30 مریضوں کو دوائی فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر محبوب حسنین نے کہا کہ وہ خود داخل مریضوں کو دن میں 3 مرتبہ رائونڈ وار چیک کرتے ہیں۔ ہمارے وارڈ پرائیویٹ ہسپتالوں سے زیادہ صاف ستھرے ہیں۔ حکومت پنجاب کے تعاون سے پرائیویٹ ہسپتالوں سے سے زیادہ بہتر سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔