اسلام آباد (جیوڈیسک) مولاناعبدالعزیز نے ملک میں شرعی قوانین کے نفاذ کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی عبدالعزیز ایک مرتبہ پھر میدان میں آگئے ہیں اور اب کی بار سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیاہے ، عدالت عظمیٰ میں جمعرات کو دائردرخواست میں ملک بھر میں شرعی قوانین کے اطلاق کی استدعا کردی ہے۔
اپنے وکیل طارق اسد کی وساطت سے آئین کے آرٹیکل 184 (3)کے تحت مولاناعبدالعزیز نے آئینی درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو احکامات جاری کرے کہ آئین کے مطابق ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ مسلمان قرآن مجید کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیاں گزارسکیں۔
اسی درخواست میں یہ بھی استدعاکی گئی ہے کہ آرٹیکل 25اے کے تحت پانچ سے 16سال کے درمیان تمام بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم دینے کا حکم بھی دیاجائے ۔ یادرہے کہ گزشتہ ماہ مولاناعبدالعزیز نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ملنے والی وارننگ کو مسترد کردیا تھااور کہاتھاکہ پاکستان اسلامی نظام کیلئے ہی بنایاگیاتھا لیکن تب سے آج تک اسلام سے دورہے اور یہ بھی کہاتھاکہ وہ مزید منصوبہ بندی کیساتھ آگے بڑھیں گے۔