اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے آبپارہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں لال مسجد کے قریب نامعلوم افراد نے پولیس وین پر فائرنگ کردی، جس سے ایلیٹ فورس دو اہلکار زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا، جن کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے اہلکاروں میں سے ایک کے بازو پر گولی لگی تھی، ڈاکٹروں نے دونوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم دی، تاہم ایک اہلکار کو آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا، جہاں اس کا آپریشن جاری ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد لال مسجد کے اطراف پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر گزشتہ ہفتے ایلیٹ فورس نے گشت شروع کیا تھا۔
اسلام آباد میں آج قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی بجٹ پیش کیا جائے گا، اس کے پیش نظر اس واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔