لالہ موسی کی خبریں 3.10.2013
Posted on October 3, 2013 By Geo Urdu سٹی نیوز
لالہ موسی ٰ: شریف فیملی غیر ملکی بنکوں میں پڑی اپنی دولت کو واپس ملکی بنکوں میں لائیں تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں، چوہدری ندیم اصغر کائرہ
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ) مرکزی راہنما پاکستان پیپلز پارٹی، سابق تحصیل ناظم کھاریاں چوہدری ندیم اصغر کائرہ نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو دہشت گردی،بد امنی اور پہلے سے ہی مہنگائی و بے روزگاری کی ماری قوم پر ڈرون حملہ قرار دیتے ہوئے میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے، حکومت اپنے اخراجات میں کٹوتی کرے، اور بڑے بڑے بزنس مین جو ٹیکس چوری میں ملوث ہیں ان سے قومی خزانے کی رقم نکلوائے، شریف فیملی غیر ملکی بنکوں میں پڑی اپنی دولت کو واپس ملکی بنکوں میں لائے تو بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں، چوہدری ندیم اصغر کائرہ نے کہا کہ صرف سوا تین ماہ میں عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، پہلے ہی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑی ہوئی اوپر سے عید الاضحےٰ کی آمد سے پہلے مہنگائی کی نئی لہر غریب عوام سے زندگی کا حق بھی چھین لے گی۔ ملک میں خود کشیوں کی شرح پہلے ہی شرمناک حد تک تجاوز کر چکی ہے، اس مہنگائی سے اس میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسی ٰ: موجودہ حکومت نے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مزید ڈرون بم گرا دئیے ہیں، چوہدری نصر اقبال آف سکھ چیناں
لالہ موسی ٰ(محمد بلال احمد بٹ) سابق امیدوار ایم این اے حلقہ این اے 106 فخر لالہ موسیٰ چوہدری نصر اقبال آف سکھ چیناں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام پر مزید ڈرون بم گرا دئیے ہیں، سروسز اور ضروری استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے جو نئے ریکارڈ قائم کیے جا رہے ہیں عوام پریشان ہیں کہ یہ سلسلہ کہاں رکے گا۔ چوہدری نصر اقبال آف سکھ چیناں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہمارے ہمسایہ ملک بھارت اور امریکہ میں اقتصادی مشکلات کے باوجود پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے جبکہ اس کے برعکس یہاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر ایسے ہی حکومت عوام پر ظلم و ستم کرتی رہی تو وہ وقت دور نہیں جب عوام بجلی کی کمی کا رونا چھوڑ کر اپنے میٹر کٹوا کر لالٹین کے دور میں واپس جانے کو ترجیح دیں گے کیونکہ ان کیلئے مشکل ہو گا کہ بل دے کر وہ دو وقت کی روٹی بھی پوری کر سکیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ : بجلی اور تیل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کر کے حکومت عوام کو سول نافرمانی پر مجبور کررہی ہے، سید احسان اللہ شاہ
لالہ موسیٰ (محمد بلال احمد بٹ) سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 112 سید احسان اللہ شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بجلی اور تیل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کر کے حکومت عوام کو سول نافرمانی پر مجبور کررہی ہے۔ بجلی گیس و تیل کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے ہونے والی مہنگائی کے تابڑ توڑ حملوں پر عوام خون کے آنسو رورہے ہیں، لوگوں میں حکومت کے خلاف شدید نفرت اورغم و غصہ اپنی آخری حدوں کو چھو رہاہے۔ نااہل اورآئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں نے چار ماہ میں ہی اپنی مقبولیت کے گراف کو زیرو تک پہنچا دیا ہے۔ حکومت نے بجلی اور تیل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس نہ لیا تو عوامی احتجاج کو روکنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا اور لوگ ظالم حکومت کا بوریا بستر گول کردیں گے۔حکومت کی طرف سے گرائے گئے پٹرول بموں اور بجلی کے جھٹکوں نے عوام کو جیتے جی مار دیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسی ٰ: صرف تین ماہ میں ہر شے کی قیمت میں قریباً 40 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جو بلاجواز، ظالمانہ، غیر قانونی ہے، شیخ خالد محمود ایم ڈی الخلیل پیٹرولیم
لالہ موسی ٰ(محمد بلال احمد بٹ) ایم ڈی الخلیل پیٹرولیم، رئیس گجرات شیخ خالد محمود نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو عوام کی طرف سے مینڈیٹ 99 ء کی سطح پر قیمتیں لانے اور مہنگائی ختم کرنے کے لیے دیا گیا، عوام نے انہیں اپنے معاشی قتل عام کا کھلا لائسنس نہیں دیا۔ شیخ خالد محمود نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح پاکستان کے عوام نہیں بلکہ آئی ایم ایف اور اپنے صنعت کار اور سرمایہ دار ہیں جنہیں مد نظر رکھ کر غریب عوام کو مہنگائی کی کند چھری سے ذبح کیا جارہاہے۔ ایم ڈی الخلیل پیرولیم نے کہا کہ صرف تین ماہ میں ہر شے کی قیمت میں قریباً 40 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جو بلاجواز، ظالمانہ، غیر قانونی، غیر اخلاقی، غیر آئینی ہی نہیں غیر اسلامی بھی ہے۔