قوم کے پیسوں سے امریکہ میں عیاشی کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے

لالہ موسیٰ : پاکستان تحریک انصاف ضلع گجرات کے سینئر راہنما سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 112نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ نے حکومتی پالسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان نے پاکستان کو مزید قرضوں میں ڈبو دیا ہے۔دورہ امریکہ حکمران سادگی کی بجائے عیاشیوں میں مصروف ہیں مہنگے ترین ہوٹل اور لیموزین میں گھومتے ممبران قومی اسمبلی زلزلے اور سیلاب سے ماری ہوئی قوم کے زخموں پر نمک پاشی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور والی مثال قائم کی ہے۔بھاری مینڈیٹ کے دعوے داروں نے عوامی امنگوں کی توہین کی ہے انڈیا سے مذکرات اچھی بات ہے مگر برابری کی سطح پر بات چیت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے پچھلے ایک سو دس دنوں میں چار با ر بجلی مہنگی کر کے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے پیٹرول کی قیمتوں میں بار بار اضافے سے مہنگائی کا طوفان آ چکا ہے۔جبکہ شریف برادران امریکہ سے واپسی پر پیٹرول اور بجلی کی قیمت بڑھا کر ایک نیا تحفہ دینے کی تیاری کر رہے ہیں۔ان حکمرانوں کی عیاشیوں سے ملکی تاریخ میں ڈالر111روپے کی بلد ترین سطح پر پہنچ چکا ہے ڈالر کی قیمت بڑھنے سے غیر ملکی قر ضوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔سیلاب متاثرین ابھی تک اپنے گھروں کوواپس نہیں لوٹ سکے اوپر سے زلزلے اور حالیہ دہشت گردی نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ۔قوم آفت میںہے جبکہ بھاری مینڈیٹ کے دعوے دار امریکہ میں عیاشیاں کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔