لالہ موسی کی خبریں 27.08.2013

لالہ موسی: محکمہ سوئی گیس نے عوام پر میٹر بم گرا دیا
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ)محکمہ سوئی گیس نے عوام پر میٹر بم گرا دیا،1993ء میںلگنے والے گیس کنکشنوں پر تین ہزار روپے میٹر سرچارج لگا دیا ایک ایک ہزار روپے کی تین اقساط میں بلوں میں وصول کیا جائے گا عوام حیران و پریشان، سیاسی نمائندے خاموش محکمہ سوئی گیس کے ذرائع کے مطابق محکمہ کو میٹر سرچارج سے پانچ ارب روپے کا فائدہ ہو گا،جبکہ ماہ ستمبر سے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا جبکہ ماہ ستمبر سے سوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ بھی متوقع ہے، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ 1993ء میں ڈالر تیس روپے سے کم اور محکمہ نے اس وقت کے صحیح تخمینہ کے مطابق 3000روپے کا رہائشی ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا گیا جبکہ اب تخمینہ6000رپے لگایا جاتا ہے اور ڈالر104روپے تک جا پہنچا ہے،جماعت اسلامی کے راہنما اور سابق ناظم ڈاکٹر عرفان احمد صفی نے محکمہ سوئی گیس کے ظالمانہ فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سپریم کورٹ کو از خود نوٹس لے کر اس میٹر سرچارج کا خاتمہ کرنا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ:ن لیگ نے جنرل انتخابات میں جو منشور دیا تھا وہ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو رہا ہے،حاجی چوہدری رفیق احمد دھامہ
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ)ن لیگ اپنے منشور پر پورا نہیں اتر رہی ۔ن لیگ نے جنرل انتخابات میں جو منشور دیا تھا وہ اب جھوٹ کا پلندہ ثابت ہو رہا ہے۔چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن ن لیگ کے منشور پر نوٹس لیتے ہوئے وضاحت طلب کریں۔مہنگائی بے روزگاری،اور لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا منشور دینے والے اب بلدیاتی انتخابات کروانے سے بھی قاصر نظر آرہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف حلقہ پی پی 112کے کوآرڈینیٹرنائب صدریونین کونسل 84/1لالہ موسیٰ حاجی چوہدری رفیق احمد دھامہ نے کیا انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت جماعتی بنیادوں پر الیکشن کروائے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف نئے لوگوں کا آگے آنے کا موقع دے گی تاکہ پرانے مچھندروں سے عوام کی جان چھوٹ جائے۔پاکستان تحریک انصاف ہر یونین کونسل میں اپنے نمائندوں کو سامنے لائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ پنجاب میں حکومتی مشینری استعمال کر کے تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنوں کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔تحریک انصاف پنجاب کی قیادت کو پر امن احتجاج سے روکنے کے لئے لاٹھیاں برسانے اور گرفتاریاں کر کے حکومت نے آزادی اظہار رائے کی دھجیاں اڑائیں۔جنرل الیکشن اور ضمنی الیکشن میں دھاندلی بے نقاب ہونے سے پنجاب حکومت بو کھلاہٹ کا شکار ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ:محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئر گجرات کی لالہ موسیٰ میںکروڑوں روپے سے بنائی سڑکیں دو سال نہ نکال سکیں، ٹوٹ پھوٹ کا شکار
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ)محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئر گجرات کی لالہ موسیٰ میںکروڑوں روپے سے بنائی سڑکیں دو سال نہ نکال سکیں، ٹوٹ پھوٹ کا شکار،کام مکمل نہ ہونے کے باوجود ایکسئین نے ملی بھگت سے ٹھیکیدار کو سیکورٹی واپس کر دی،فنڈز کی دستیابی کے باوجود محکمہ کام کرنے سے قاصر،ڈسپوزل سٹیشن کو جنریٹر فراہم نہ ہونے سے بارشوں میں شہر وینس کا منظرپیش کرنے لگا،2009ء میں سولہ کروڑ کی لاگت سے لالہ موسیٰ سیوریج و ڈسپوزل اپ گریڈ منصوبہ سفید ہاتھی بن گیا،محکمہ کی جانب سے تعمیر کی گئی سڑکیں ٹوٹ پھوت کا شکارہو کر ارباب اختیارکی راہ تک رہی ہیں جبکہ منصوبہ مکمل ہوئے بغیر ٹھیکیداروں کو سیکورٹی کی واپسی بہت بڑا سوالیہ نشان بن چکی ہے۔
۔
لالہ موسیٰ:پنجاب حکومت کا لوکل گورنمنٹ بل2013ء عوام تاحال نئے نظام کے خدوخال سمجھنے میں ناکام
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ)پنجاب حکومت کا لوکل گورنمنٹ بل2013ء عوام تاحال نئے نظام کے خدوخال سمجھنے میں ناکام،ممبران کا چنائو،حلقہ بندیوں کا انتخاب ،میونسپل کمیٹی ،دیہات کونسل اور ضلع کا حدود اربعہ عوام بدستور کنفیویثرن کا شکار اور مختلف چہ مگوئیوں میں مصروف ہیں ،بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے سیاسی پارٹیوں نے ابھی کسی قسم کے ہوم ورک کا آغاز نہیں کیا لیکن چند آزاد اور سیاسی جماعتوں کے چنیدہ کارکنوں کی خبروں اور رابطوں کی اطلاعات ہیں،غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات میں برادری ازم کے عمل دخل کے باعث مختلف برادریوں میں جوڑ توڑ کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے،توقع کی جا رہی ہے کہ بلدیاتی انتخابات2013ء کی بجائے2014ء میں ہونگے اوراس کے لیے حلقہ بندیاں اور دیگر امور مسلم لیگ ن کے ممبران اسمبلی کی من مرضی سے ہی ہونگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ:ڈی سی او اور ممبران اسمبلی کے احکامات کے باوجو د ٹی ایم اے کھاریاں سلاٹرہائوس لالہ موسیٰ کی تقریباً چار کنال اراضی کی نشاندہی اور چار دیواری کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ)ڈی سی او اور ممبران اسمبلی کے احکامات کے باوجو د ٹی ایم اے کھاریاں سلاٹرہائوس لالہ موسیٰ کی تقریباً چار کنال اراضی کی نشاندہی اور چار دیواری کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی،سلاٹر ہائوس کی تعمیر شہریان لالہ موسیٰ کے لیے ایک خواب بن گئی،گھر گھر مذبحہ ہونے سے بیمار اور پانی ملے گوشت کی فروخت عام ہو گئی اور خفظان صحت کے اصولوں کو پس پشت ڈال کر گھروں میں ہونے والے ذبیحہ نے نالیاں بند کر دی ہیں، ان کی غلاظت نے سیوریج کو بلاک کر دیا ہے،مذبحہ ہونے والے مقامات کے پڑوس میں رہنے والے بھی ایک بڑی اذیت سے دوچار ہیں مذبحہ خانہ کی تعمیر سے جہاں عوام کو صحت منداور صاف ستھرا گوشت میسر ہو گا وہاں شہرکے گلی کوچوں سے صفائی کا نظام بھی بہتر ہو جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ: بھمبر نالہ پر وہند کے مقام پر ٹوٹنے والے بند کے مقام پر ارتھ ورک تقریباً مکمل کر لیا گیاہے،سی فرحت عباس ایس ڈی او محکمہ انہار
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ)محکمہ انہار کے ایس ڈی او سید فرحت عباس نے کہا ہے کہ بھمبر نالہ پر وہند کے مقام پر ٹوٹنے والے بند کے مقام پر ارتھ ورک تقریباً مکمل کر لیا گیا ہ،جبکہ میانہ چک کے مقام پر بھی پچاس فیصد کام مکمل ہو چکا ہے،ماہ اگست میں دونوں مقامات پر کام ہر صورت مکمل کر لیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ محکمہ انہار کے چیف انجینئر کی ہدایت پر دونوں جگہوں پر ہنگامی حالات میں کام کیا گیا ہے،جسکے لیے پتھر سرگودہا سے منگوایا گیا ہے، ایس ڈی او سید فرحت عباس نے بتایا کہ دونوں مقامات پر کام مکمل ہونے کے بعد بھمبر نالہ کے دائیں طرف عوام کو آنے والے دنوں میں کوئی پریشانی نہیں ہو گی،جبکہ دیگرمقامات کے لیے تجاویز اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائیں گیں اور سٹون پچنگ کے ذریعہ بند کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ:محکمہ ْصحت نے لالہ موسیٰ میں فروخت ہونے والے نشہ آور ٹیکوں کے حوالہ سے چپ کی پالیسی اپنا لی
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ)محکمہ ْصحت نے لالہ موسیٰ میں فروخت ہونے والے نشہ آور ٹیکوں کے حوالہ سے چپ کی پالیسی اپنا لی،سیاسی دبائو پر چمک کے باعث مخصوص میڈیکل سٹوروں کے باہر جہازوں کی لمبی لائنیں دس روپے کا ٹیکہ 100روپے میں خریدتی نظر آتی ہیں،جبکہ نشہ آور ٹیکوں کے باعث لالہ موسیٰ میں جہازوں کی کرپشن لینڈنگ کے درجنوں واقعات رونما ہو چکے ہیں،مخصوص میڈیکل سٹور مالکان کے نشہ آور ٹیکوں کی فروخت سے دن پھر چکے ہیں،جبکہ اخبارات میں خبروں کی اشاعت اور محکمہ صحت کے افسران کو مطلع کرنے کے باوجود شہر میں ٹکی ٹافی بیچنے اور بیکریوں و حلوائیوں کے نمونے لینے کے علاوہ میْڈیکل سٹورں کی طرف محکمہ صحت کے اہلکار رخ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
لالہ موسیٰ:سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے106،ایدھی آف لالہ موسیٰ جناب چوہدری نصر اقبال آف سکھ چین دورہ یورپ کے بعد واپس وطن پہنچ گئے
لالہ موسیٰ(محمد بلال احمد بٹ)سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے106،ایدھی آف لالہ موسیٰ جناب چوہدری نصر اقبال آف سکھ چین دورہ یورپ کے بعد واپس وطن پہنچ گئے۔پاکستان پہنچنے پر ان کا والہانہ اور فقید المثال استقبال کیا گیا،ایئرپورٹ سے انہیں جلوس کی شکل میں ڈیرہ سکھ چین ہائوس لایا گیا جہاں پر صدر سکھ چین ہائو س نواب دانش کریم اور دیگر سینکڑوں ساتھیوں نے چوہدری نصر اقبال کا استقبال کیا،منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا گیا، جیالوں نے چوہدری نصر کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اس موقع پر چوہدری نصر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ سکھ چین ہائوس کے پلیٹ فارم سے انسانی خدمت میں پیش پیش ہیں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سکھ چین ہائوس تمام وارڈوں سے اپنے نمائندے کھڑے کرے گا اور ان کی کامیابی کے لئے بھر پور مہم چلائی جائے گی۔پاکستان پہنچتے ہی انہوں نے اپنے دوست احباب سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔